چودھری برادران کو مزیدریلیف، علیم خان کیخلاف ریفرنس تیار، جہانگیر ترین بیٹے سمیت طلب

159

لاہور‘اسلام آ باد(نمائندہ جسارت+آن لائن مانیٹر نگ ڈ یسک )چودھری برادران کو مزیدریلیف۔ علیم خان کیخلاف ریفرنس تیار۔ جہانگیر ترین بیٹے سمیت طلب۔ تفصیلات کے مطابق نیب لاہور نے چودھری برادران کے خلاف بینک قرضوں کی نادہندگی اور اثاثہ جات کیس کی انکوائری بند کردی ہے۔ نیب نے انکوائری بند کرنے سے متعلق رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں بھی جمع کرادی ہے۔ اس حوالے سے نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ چونکہ یہ 20 سال پرانی انکوائری ہے جس میں چودھری برادران کے خلاف ثبوت نہیں مل سکے اور اسی مسئلے پر 12 اپریل 2000ء کو بھی انکوائری ہوچکی ہے۔ جو پہلے بھی بند کردی گئی تھی لہٰذا نیب مذکورہ انکوائری بند کر رہا ہے ۔واضح رہے کہ شواہد نہ ملنے کی وجہ سے بند کی جانے والی انکوائری میں چودھری شجاعت حسین،چودھری پرویز الٰہی اورچودھری شفاعت حسین کو ملوث کیا گیا تھا۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ چودھری برادران نے نیب کی جانب سے کی جانے والی انکوائری کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر رکھا تھا۔ علاوہ ازیں نیب لاہور نے پنجاب کے سینئر پی ٹی آئی رہنما عبدالعلیم خان کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں ریفرنس منظوری کے لیے ہیڈ کوارٹر ارسال کر دیا ہے۔نیب ذرائع کے مطابق نیب لاہور کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے گزشتہ روز ہونے والی بریفنگ میں چیئرمین نیب سے زبانی منظوری حاصل کرلی تھی۔نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ علیم خان کے خلاف ان کی ثابت شدہ آمدن سے 1 ارب 40 کروڑ مالیت کے زائد اثاثہ جات کا ریفرنس تیار کیا گیا ہے، ریفرنس میں علیم خان کے نام اندرون و بیرون ملک متعدد قیمتی اثاثہ جات کی نشاندہی کی گئی ہے جن کے اب تک ذرائع نامعلوم ہیں۔نیب ذرائع کے مطابق علیم خان کے خلاف تحقیقات میں ان کے2 مبینہ فرنٹ مین عمر فاروق اور عمیر کے ذریعے پارک ویو سوسائٹی میں ہیر پھیر کے شواہد حاصل کیے گئے ہیں، 400 سے 500 متاثرین کے پلاٹوں کو معروف ہائوسنگ سوسائٹی میں منتقلی کرتے ہوئے مذکورہ فرنٹ مین نے علیم خان کو کروڑوں روپے کا غیرقانونی انداز میں فائدہ پہنچایا ۔ نیب قانون کے مطابق آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں ملزم کو قید کی سزا کے علاوہ ناصرف ملزم کی تمام غیرقانونی جائداد ضبط ہوتی ہے بلکہ ملزم کو اتنا ہی جرمانہ بھی کیا جا سکتا ہے۔دوسری جانب مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے جہانگیرترین کو(کل)ہفتہ19 ستمبر کوایف آئی اے لاہور کے دفتر میں طلب کر لیا ۔ جہانگیر ترین سے جیکیٹی فارمنگ کے اثاثے خریدنے کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں ۔مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے( آج ) جمعہ کوجہانگیرترین کے بیٹے علی ترین کوبھی طلب کرلیاہے ۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ جہانگیرترین اورعلی ترین ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔تحقیقاتی ٹیم جہانگیرترین کیخلاف4بڑے الزامات کی تحقیقات کررہی ہے ۔جہانگیرترین پر15ارب روپے سے زائدکے کارپوریٹ فراڈ کا الزام ہے۔جہانگیرترین کوجاری نوٹس میں تمام ضروری دستاویزات ساتھ لانیکی ہدایت کی گئی ہے ۔ جہانگیرترین پر یہ الزامات شوگرکمیشن نے اپنی رپورٹ میں لگائے تھے۔