کراچی کی ترقی اب وفاق کے ایجنڈے میں شامل ہے،وزیراعظم،

220
اسلام آباد، وزیر اعظم عمران خان سے آسٹریلین کمپنی کا وفد ملاقات کررہا ہے

اسلام آباد( نمائندہ جسارت) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی کی ترقی اب وفاقی حکومت کے ایجنڈے میں شامل ہے۔ان کے بقول سیاسی بدانتظامیوں کے باعث کراچی کے حالات بدترین ہوئے۔پیر کو وزیراعظم سے مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے ملاقات کی جس میں ملک کی تازہ سیاسی صورت حال اور قانونی امور پر مشاورت کی گئی۔ملاقات میں کراچی ٹرانسفارمیشن پیکیج سمیت پارلیمانی معاملات پر گفتگو کی گئی۔اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وفاق کراچی کے مسائل کے حل کے لیے مالی وسائل فراہم کرے گا جب کہ ٹرانسفارمیشن پیکیج کے تحت منصوبوں پرجلد عملدرآمد ضروری ہے۔ملاقات کے دوران فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف) سے متعلقہ قانون سازی پر بھی گفتگو کی گئی اور وزیراعظم نے قانون سازی کا عمل جلد مکمل کرنے کے عزم کاا ظہار کیا۔ بابر اعوان نے وزیراعظم کو قومی اسمبلی اور سینیٹ اجلاس سے متعلق آگاہ کیا اور کہا کہ ملکی سلامتی سے متعلق قانون سازی میں تاخیر نہیں ہونے دیں گے۔علاوہ ازیں وزیراعظم سے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان اور وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے ملاقات کی۔ پیر کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں صوبہ پنجاب میں صحت انصاف کارڈ کی فراہمی کے پروگرام میں صوبہ خیبر پختونخوا کی طرز پر توسیع کے حوالے سے امور پر گفتگو ہوئی۔