ان ہائوس تبدیلی کا صفر فیصد بھی امکان نہیں، ہمایوں اختر

183

لاہور (آن لائن) تحریک انصا ف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اخترخان نے کہا ہے کہ ان ہائوس تبدیلی کا صفر فیصد بھی امکان نہیں ، سب جانتے ہیں پاکستان کس کے دور میں گرے لسٹ میں گیا، ہم نے بطور ریاست اسے وائٹ لسٹ میں لاناہے،
میثاق جمہوریت کوصرف اپنے مفادات تک محدود نہ رکھیںبلکہ اس میثاق کو مکمل جمہوریت تک توسیع دیں اور 5 برس تک صبر کریں۔ گزشتہ روز اپنی رہائشگاہ پر ملاقات کے لیے آنے والے وسطی پنجاب کے پارٹی رہنمائوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ہمایوں اخترخان نے کہا کہ اپوزیشن والے کہتے ہیں مجوزہ اے پی سی میں شامل ہونے والی جماعتوںکے نظریات مختلف ہیں لیکن قوم جانتی ہے کہ ان کا کرپشن اورلوٹ مار کرنے کاہدف ایک ہی ہے اور حالیہ سر گرمیاں بھی اسی کی کڑی ہیں ۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے ملک و قوم کی بھلائی کے لیے اپوزیشن کا کردار ادا نہیں کیا بلکہ صرف این آراو کے حصول کے لیے ہر طرح سے مزاحمت کی گئی ،انہیں آج ریلیف مل جائے تویہ فیٹف کی قانون سازی تو کیا ہر معاملے میںحکومت سے تعاون کرنے اور حکومت کو کامیابی کے سرٹیفکیٹس جاری کرنے پر آمادہ ہو جائیں گے لیکن وزیر اعظم عمران خان اپنے مفادات کے لیے ملک کے مفادات کو دائو پر نہیں لگائیں گے۔