میرپور خاص، بنیادی مرکز صحت خستہ حالی کی وجہ سے گزشتہ دوسال سے بند

109

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) میرپور خاص میں دو ایکڑ پر قائم بنیادی مرکز صحت خستہ حالی کی وجہ سے گزشتہ دوسال سے بند پڑا ہے، میرپور خاص کے شہریوں نے مذکورہ جگہ پر این آئی سی وی ڈی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ میرپور خاص کے علاقے اسکیم نمبر دو میں دو ایکڑ پر محیط بنیادی مرکز صحت کی عمارت چند سال قبل تعمیر کی گئی تھی جس میں اسپتال کے علاوہ رہائشی کوارٹر، فلیٹ اور ڈاکٹر کا بنگلہ بھی تعمیر کیا گیا تھا، ناقص تعمیراتی کام کی وجہ سے اسپتال اور رہائشی عمارات مخدوش ہوچکی ہیں اور بنیادی مرکز صحت کو دو سال قبل بند کردیا گیا تھا جبکہ رہائشی کوارٹرز کی عمارت بھی انتہائی مخدوش ہوچکی ہے، جس کی وجہ سے کوئی بڑا حادثہ رونما ہوسکتا ہے اور قیمتی جانوں کے ضیاع کا اندیشہ ہے۔ میرپور خاص کے شہریوں نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ سے اپیل کی ہے کہ مذکورہ دو ایکڑ زمین پر این آئی سی وی ڈی کی تعمیر کی جائے تاکہ سندھ کے چوتھے بڑے شہر اور گردونواح کے اضلاع کے عوام کو دوسرے شہروں کا سفر کرنے کے بجائے اپنے شہر میں علاج کی سہولیات میسر آسکیں۔