سکھر، قوم پرست تنظیموں کے درجنوں کارکن قومی دھارے میں شامل

127

سکھر(نمائندہ جسارت) سکھر میں قوم پرست تنظیموں کے 30 سے زائد عہدیداروں اور کارکنان نے قومی دھارے میں شمولیت اختیار کرلی۔ پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔ سکھر کے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کے دوران قوم پرست تنظیموں سے تعلق رکھنے والے عہدیداران و کارکنان نے قومی دھارے میں شمولیت کا اعلان کیا۔ قومی دھارے میں آنے والے جئے سندھ اور جئے سندھ محاذ کے کارکنان شامل ہیں۔ اس موقع پر جئے سندھ کے رہنما صوفی ممتاز، مہتاب احمد، شہزاد احمد نے کہا کہ ہم پُرتشدد اور علیحدگی پسند طرز کی سیاست سے نالاں ہیں، سندھ کی ترقی پاکستان سے وابستہ ہے، آئندہ کسی بھی لسانی و قوم پرست جماعتوں سے لاتعلقی کرتے ہوئے ان سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہیں۔ ہمیں اتحاد، بھائی چارے کو فروغ دینا ہوگا اور انتشار پھیلانے والی دشمن قوتوں سے مل کر مقابلا کرنا ہوگا، پاکستان کی بقا ہماری بقا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم قوم پرست سیاست کے بجائے آئین پاکستان کے مطابق سیاست اور ملک کی ترقی کے لیے جدوجہد کریں گے۔ قومی دھارے میں آنے والوں میں افضل، وقار احمد، شیراز احمد اور دلشاد سمیت دیگر عہدیداران، کارکنان شامل ہوئے۔ قومی دھارے میں شامل لوگوں نے قومی پرچم لہرا کر پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔ قوم پرست تنظیموں کے کارکنان نے پاک فوج کے حق زبردست نعرے بازی کی۔ قومی دھارے میں شامل افراد نے ملک دشمنوں کیخلاف کارروائی میں پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کا عزم کیا۔