پنجاب حکومت کا کم ترین ٹیرف کے سولرپاور پلانٹ کا معاہدہ

191

لاہور (نمائندہ جسارت) بزدار حکومت نے ایک اور تاریخ ساز سنگ میل عبور کر لیا-ضلع لیہ کے علاقے چوبارہ میں 100 میگا واٹ کا سولر پروجیکٹ لگایا جائے گاجس سے ملکی تاریخ کے سب سے کم ترین ٹیرف3.7سینٹ پر بجلی حاصل کی جائے گی، اس منصوبے پر 10 ارب روپے کی سرمایہ کاری ہو گی۔وزیر اعلیٰ آفس میں محکمہ توانائی پنجاب کے پنجاب پاورڈویلپمنٹ بورڈ ، متبادل توانائی ترقی بورڈ اور زینفاپاکستان نیوانرجی کمپنی کے مابین معاہدہ پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی ۔وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان مہمان خصوصی تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی عثمان بزدار نے بتایا کہ اس منصوبے میں صرف 3.7سینٹ کے نرخ پر بجلی خریدے گی اوراس منصوبے سے نیشنل گرڈ کو 17 کروڑ30لاکھ یونٹ بجلی فراہم کی جائے گیجو تقریباً 70ہزار گھروں کی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے کافی ہوگی۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب توانائی کی تمام تر ضروریات اپنے وسائل سے حاصل کرنے کے لیے کوشاں ہے، ماضی کے برعکس ہماری حکومت سستی بجلی کے دیر پا ذرائع کے حصول کی طرف گامزن ہے۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں اسکولوں، کالجوں اوریونیورسٹیوں ،بنیادی مراکز صحت سمیت دیگر سرکاری عمارتوں کو مرحلہ وار شمسی توانائی پر منتقل کیاجائے گا،950بنیادی مراکز صحت کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کے منصوبے پر کام جاری ہے۔حکومت پنجاب اربوں روپے کی بچت کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔