حکومت اور اپوزیشن کے تصادم سے سیاسی نطام تلپٹ ہوگیا،لیاقت بلوچ

136

لاہور(نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ سماوی آفات اور پاکستان دشمنوں کی جانب سے مسلط بڑھتے خطرات کے مقابلے میں حکومت ریاست اور اپوزیشن باہمی متصادم ہیں جس سے سیاسی نظام تلپٹ ہوچکاہے ۔ پورے ملک میں طوفانی بارشوں اور طغیانی سے بڑی تباہی آئی ہے ۔ عوام کورونا لاک ڈائون اور اقتصادی بحرانوں سے دوچار ہیں ۔ طوفانی بارشوں اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کی نااہلی و ناکامیوں سے عوام کی مشکلات میں تہ در تہ اضافہ ہوتا جارہاہے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ عوام منتظر ہیں کہ چینی ، آٹا ، بجلی ، سیمنٹ مافیاز کے خلاف کب اقدام اور کریک ڈائون ہوگا ۔ اگر عمران خان احتساب اور کرپٹ مافیا کے خلاف کوئی اقدام نہیں کر سکتے تو ہوائی دعوے نہ کریں ۔ ملک پہلے ہی بڑے بحرانوں سے دوچار ہے ۔ قومی سلامتی اور مسئلہ کشمیر کے حل کا تقاضا ہے کہ قومی ترجیحات متعین کر لی جائیں اور قومی
قیادت اپنے اپنے گروہی تحفظات سے بالاتر ہو کر ملک کو بحرانوںسے نکالنے کے لیے قومی ایکشن پلان بنائے۔ قومی قیادت غیر ذمے دارانہ روش ترک کرے اور نوجوانوں و نئی نسل کا مستقبل محفوظ بنائے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ کراچی کے عوام بارشوں اور بلدیاتی ، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی نااہلی اور انسان دشمن رویے کی وجہ سے دہری مشکلات کا شکار ہیں ۔ وزیراعظم عمران خان نے کراچی دورے میں بڑی تاخیر کر دی ہے ۔ وفاق صرف صوبوں کو فساد کے حوالے نہ کرے ، مدد ، تعاون اور بروقت اقدامات کرے یہ وفاق کی آئینی ذمے داری ہے ۔