ٹنڈوالہٰیار ، انتظامیہ کی نا اہلی کے باعث شہر گندگی کے ڈھیر میں تبدیل

335

 

ٹنڈوالہٰیار (نمائندہ جسارت) انتظامیہ کی غفلت، شہر میں صفائی ستھرائی کا فقدان، گندگی اٹھانے کے بجائے جلائے جانا روز کا معمول بن گیا، دھوئیں سے مختلف بیماریاں پھیلنے کا خدشہ، رہائشی و تجارتی مراکز میں گندگی کے ڈھیر جمع ہوگئے، تاجر برادری سمیت شہریوں کا نوٹس لینے کا مطالبہ۔ ٹنڈوالہٰیار کے مختلف علاقوں میں صفائی ستھرائی نہ ہونے کی وجہ سے شہر کے تجارتی و کاروباری مراکز کے بعد شہر کے رہائشی علاقے بھی گندگی کا منظر پیش کررہے ہیں، صفائی کے عملے نے گندگی کے ڈھیر اٹھانے کے بجائے ان کو جلانا شروع کردیا ہے، گندگی کے ڈھیر میں لگنے والی آگ سے اٹھنے والے دھوئیں اور تعفن کی وجہ سے مختلف بیماریاں پھیلنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے جبکہ شہر میں مچھر مار اسپرے نہ ہونے کی وجہ سے مچھروں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ عوامی حلقوں نے انتظامیہ کی ناقص کارکردگی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ٹنڈوالہٰیار میونسپل کمیٹی افسران کے بنگلوں تک ہی محدود دکھائی دیتی ہے، صفائی عملے کی غیر موجودگی کی وجہ سے گندگی کے ڈھیر جمع ہورہے ہیں جبکہ شہر کے بیشتر رہائشی و تجارتی مراکز میں ڈرینج سسٹم ناکارہ ہوجانے کی وجہ سے نالیوں اور گٹر کا گندا پانی بھی جمع ہونا معمول ہے۔ شہری حلقوں، تاجر برادری اور علاقہ مکینوں نے چیف جسٹس، وزیر اعلیٰ سندھ، صوبائی وزیر بلدیات سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے حکام سے نوٹس لے کر شہریوں کو بنیادی و بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔