ٹی ٹوئنٹی رینکنگ ،حفیظ اور شاہین شاہ آفریدی کی ترقی

133

کراچی (اسٹاف رپورٹر)انگلینڈ کے خلاف3 ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز میں متاثرکن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے تجربہ کار بیٹسمین محمد حفیظ اور نوجوان فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں ترقی ہوئی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز ایک، ایک سے برابر رہنے کے سبب انگلینڈ اور پاکستان کی عالمی رینکنگ میں بالترتیب دوسری اور چوتھی پوزیشن بھی برقرار ہے۔ عالمی درجہ بندی میں آسٹریلیا 278 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، انگلینڈ 268 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، بھارت 266 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور پاکستان261 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہے۔سیریز کے آخری2 میچوں میں 69 رنزاور 86 رنزناٹ آؤٹ رنز کی اننگز کی بدولت مین آف دی سیریز کا ایوارڈ حاصل کرنے والے بیٹسمین محمد حفیظ 27درجے ترقی پاکر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ رینکنگ کے ٹاپ 50 بلے بازوں میں شامل ہوگئے۔آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ حالیہ رینکنگ میں محمد حفیظ 44ویں نمبر پر آگئے ۔ اس ترقی کے بعد وہ بابراعظم اور فخر زمان کے بعد عالمی رینکنگ کی فہرست میں پاکستان کے تیسرے بہترین بیٹسمین بن گئے ۔ سیریز میں 56 رنزاور 21 رنز کی اننگز کھیلنے والے بابراعظم بدستور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی عالمی رینکنگ میں سرفہرست بیٹسمین ہیں تاہم انہیں10پوائنٹس کی کمی کا سامنا کرنا پڑا۔حالیہ رینکنگ میں 869 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر براجمان بابراعظم ایک روزہ کرکٹ رینکنگ میں تیسرے اور ٹیسٹ رینکنگ میں 5ویں بہترین بیٹسمین ہونے کے سبب اب بھی دنیا کے وہ واحد بیٹسمین ہیں جو تینوں طرز کی کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں ٹاپ 5 بلے بازوں میں شامل ہیں۔اب بھی بابراعظم اورٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر موجودبھارت کے لوکیس راہول میں45 پوائنٹس کا فرق ہے جبکہ آسٹریلیا کے ایرون فنچ820 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔اوپنر فخر زمان عالمی رینکنگ میں 2 درجہ تنزلی کے بعد 23ویں پوزیشن پر آگئے۔