نوازشریف جیسے شخص کی سزا تین گنا ہونی چاہیے،سنیٹر شبلی فراز

499
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز پریس کانفرنس کررہے ہیں

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ نواز شریف جیسے شخص کی سزا تین گنا سے زائد ہونی چاہیے۔ سابق وزیراعظم کو قانون کو سامنے پیش ہونا ہوگا، سوالات کے جوابات دینے ہوں گے۔سائیکل چور اور نواز شریف کیلیے الگ الگ قانون نہیںہوسکتا بلکہ کسی بڑے کی چوری پر اسے تین گنا زیادہ سزا ملنی چاہیے۔سندھ بالخصوص کراچی میں آئے روز کوئی نہ کوئی بحران پیدا ہوجاتا ہے، وزیراعظم جمعہ کو کراچی جاکر اہم منصوبوں کا اعلان کریں گے، ظاہر ہے سندھ حکومت کے تعاون کے بغیر منصوبوں پر عملدرآمد کو کیسے یقینی بنایا جاسکتا ہے، اپوزیشن فیٹف کے معاملے پر واضح کرے کہ وہ بھارتی بیانیہ کے ساتھ ہے یا پاکستان کے بیانیہ کے ساتھ، کراچی کے ایڈمنسٹریٹر کی تقرری کیلیے وفاق نے بھی نام دیے ہیں اختیار سندھ حکومت کا ہے، قبل ازوقت اپنے ناموں کی آگاہی نہیں دے سکتے، اس معاملے کو متنازع نہیں بنانا چاہتے، مشیر اطلاعات عاصم سلیم باجوہ ایک دو روز میں اپنے اثاثوں کی وضاحت پیش کردیں گے اور ان خبروں کے حوالے سے تسلی کروا دی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو اسلام آباد میںوزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ شاہد خاقان عباسی کو خواتین کے معاملے پر کوئی سیاسی بیان بازی سے قبل اپنی جماعت کی تاریخ کو دیکھنا چاہیے، ان کی جماعت کے لیڈر نے بینظیر بھٹو کے ساتھ کیا کیا، جہازوں سے بینظیر کی والدہ کے پوسٹر گرائے، پی ٹی آئی کی خواتین کو کیا القاب دیے، شاہد خاقان عباسی شاید اپنی تاریخ سے واقف نہیں ہیں، وہ بیان سے قبل تاریخ کا جائزہ لیا کریں، حکومت نے اس بار مریم نواز کی پیشی کے موقع پر ان کی ڈرامہ بازی سے بچنے کیلیے انتظام کیا کہ وہ جائیں اور اپنی پیشی بھگتیں۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہاکہ بھارت ازلی دشمن ہے اور وہ پاکستان کو نقصان پہنچانے کیلئے کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتا کئی طریقوں سے پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی لیکن بھارتی عزائم کو کامیابی نہیں ملی۔ اپوزیشن واضح کرے فیٹف کے معاملے پر بھارتی بیانیہ کے ساتھ ہے پاکستانی بیانیہ کے ساتھ ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ عاصم سلیم باجوہ نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں شرکت کی۔ وہ ایک دو روز میں اپنے اثاثوں سے متعلق خبروں کی وضاحت دے دیں گے۔ جب بھی کسی کے بارے میں کوئی خبر آتی ہے اسے وضاحت کا حق ملنا چاہیے۔ میڈیا کو خبر چلانے سے پہلے اس بات کا ضرور جائزہ لینا چاہیے کہ اسے ندامت نہ اٹھانی پڑے۔ ہمیں ہر سطح پر ذمہ داری کا ثبوت دینا ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ اب تو عدالت نے بھی کہہ دیا ہے کہ نواز شریف وطن آئیں ، پہلے گرفتاری دیں پھر ضمانت کا جائزہ لیا جائے گا۔ شبلی فراز نے کہاکہ نواز شریف تین بار حکمران رہے، انہیں قانون کے سامنے پیش ہونا چاہیے، سائیکل چور اور نواز شریف کیلیے الگ قانون نہیں ہوسکتا ، سابقہ حکمران نے اگر چوری کی ہے توانہیں تین گنا زیادہ سزا ملنی چاہیے۔ نواز شریف کو قانون کے سامنے پیش ہونا ہوگا سوالات کے جوابات دینے ہوں گے، چہل قدمی کی تصاویر پوسٹ کرکے اصل میں وہ اپنی سی وی بجھوا رہے ہیں کہ میں فٹ ہوں اور بھائی سے کھینچا تانی کے بعد انہوں نے یہ تصویر پوسٹ کروائی۔ مسلم لیگ ن کی قیادت کو بھی اصولی طورپر فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ نواز شریف کو قانون سے بالاتر سمجھتی ہے یا قانون کے تابع۔