ملک بھر میں عاشور آج منایا جارہا ہے‘ سخت سیکورٹی انتظامات

215

کراچی ‘حیدرآباد‘ اسلام آباد ‘ راولپنڈی ‘ کوئٹہ ‘ پشاور‘لاہور‘ ملتان‘ فیصل آ باد ‘ مظفرآباد ‘گلگت بلتستان (مانیٹرنگ ڈیسک+خبر ایجنسیاں)ملک بھر میں یوم عاشور(آج) اتوار کو مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا ر ہا ہے ‘ سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسینؓ اور اُن کے 72جانثاروں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے علم،ذوالجناح اور تعزیے کے جلوس برآمد ہوں گے جس میں عزاداران حسین زنجیر زنی ، ماتم داری اور نوحہ خوانی کریں گے جبکہ علما و ذاکرین واقعہ کربلا اورنواسہ رسول ﷺ اور ان کے جانثاروں کی اسلام کے لیے جدوجہد پر روشنی ڈالیں گے ۔یوم عاشور کے موقع پر امن و امان کے قیام کے لیے حکومتی و انتظامی سطح پر تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ،کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے پاک فوج اوررینجرز کے چاک و چوبند دستے آن کال رہیں گے ،ملک کے تمام بڑے شہروں میں ڈبل سواری پر پابندی کے ساتھ موبائل فون سروس بھی معطل رہے گی، مرکزی جلوسوں کی فضائی نگرانی کے ساتھ جلوس کے تمام راستوں پر کلوز سرکٹ کیمروں سے مانیٹرنگ کی جائے گی، جلوس کی مانیٹرنگ کے لیے کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے ،جلوس کے راستوں پر چھتوں پر ماہر نشانہ باز تعینات کیے گئے ہیں جبکہ جلوس کے تمام داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹس کے ذریعے شرکا کی تلاشی لی جائے گی ،اس مقصد کے لیے ضلعی و ٹریفک پولیس نے خصوصی سیکورٹی و ٹریفک پلان بھی ترتیب دیے ہیں۔