کراچی کا ڈرینج سسٹم بوسیدہ ہوچکا ہے، وزیر خارجہ

508

ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں بارشوں کی شدت غیر معمولی نوعیت کی ہے،کراچی کا ڈرینج سسٹم بوسیدہ ہوچکا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سندھ کی آبادی میں اضافے کے باوجود منصوبہ بندی نہیں کی گئی،وزیر اعظم نے وفاقی محکموں کو سندھ حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی ہدایت کی ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں سندھ حکومت کی مدد کو تیار ہیں،کراچی کی صورتحال سے ہم پریشان ہیں،کراچی میں بہتری لانے کے لیےصوبائی حکومت کے ساتھ مل کر کام کریں گے، کراچی کا شہری اس وقت کرب کی کیفیت سے دوچار ہے،کراچی میں لوگوں کا گھر اور کاروبار تباہ ہوچکا ہے،سڑک نہر کامنظر پیش کررہی ہے اور کنٹینرز پانی میں تیر رہے ہیں۔

انہوں نے ن لیگ کے صدر نواز شریف پر بھی تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ انسانی ہمدردی کی بنیادی پر نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دی، نوازشریف کی طبیعت بہتر ہے،چہل قدمی کررہے ہیں،نواز شریف اب سیاسی معاملات میں بھی حصہ لے رہے ہیں،نواز شریف کو چاہیے کہ پاکستان آکر عدالتوں کا سامنا کریں۔

وزیر خارجہ نے کورونا وائرس کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کورونا کی شدت میں کمی دکھائی دے رہی ہے، ملک میں کوروناوائرس کی وبا دم توڑ چکی ہے، اس وقت بھارت میں تیزی سے کورونا پھیل رہاہے، دنیا میں سب سے زیادہ کورونا سے متاثر ملک بھارت ہے۔