پاکستان کو تباہ کرنے کی ذمے داران لیگ اور پیپلزپارٹی ہیں،شبلی فراز

160
اسلام آباد، وفاقی وزرا شبلی فراز اور حماد اظہر مشترکہ پریس کانفرنس کررہے ہیں

اسلام آباد (نمائندہ جسارت) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر شبلی فراز نے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کو پاکستان کی تباہی کی ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام نے انہیں مسترد کر دیا ہے۔پیر کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی باتوں سے لگتا ہے کہ وہ کسی اور ملک میں رہتے تھے۔اپوزیشن کی تمام باتیں کھوکھلی اور الفاظ کا پلندہ ہیں، شہباز شریف نے جن مسائل کی بات کی، ان کے ذمہ دار وہ خود ہیں۔شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن کا ایک ہی ایجنڈا مال بنانا تھا۔ انہوں نے مال بنانے کے لیے ہر ادارے کو کمزور کیا، شہباز شریف کے منہ سے اشرافیہ کا نام سنا تو ہنسی آگئی۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ آئی پی پیز سے مہنگی بجلی کے معاہدے انہوں نے ہی کیے تھے، مہنگے معاہدے کرکے
کک بیکس لی گئیں۔ آئی پی پیز سے معاہدوں کا ازسرنو جائزہ لیا گیا۔ ہم نے سستی بجلی کی ابتدا کر دی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سابق دور میں ڈالر کی قدر مصنوعی طریقے سے برقرار رکھی گئی، انہوں نے ہر وہ کام کیا جس سے انہیں فائدہ ملے،سابق حکومت نے عوام کا خون چوسا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر حماد اظہر کا کہنا تھا کہ سابق حکومت نے حالات جان بوجھ کر خراب کیے، انہیں پتا تھا کہ ان کی حکومت نہیں آنی، آئی پی پیز، کارکے، ریکوڈک اور گرے لسٹ میں انہوں نے پاکستان کو ڈالا، معیشت اتنی بہتر تھی تو موڈیز نے ریٹنگ کو 5فیصد ڈاؤن گریڈ کیوں کیا تھا؟انہوں نے سوال اٹھایا کہ ماضی میں شوگر انڈسٹری کو دی گئی سبسڈی کا حساب کیوں نہیں لیا گیا؟ سخت فیصلوں کے بعد ہم نے معیشت کو سنبھالا دیا، ہمیں معلوم ہے جب کارٹل پر ہاتھ ڈالا جائے تو ری ایکشن بھی آتا ہے۔ کارٹل کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے دونوں جماعتوں کے بگاڑ کو ہم ٹھیک کر رہے ہیں۔