کورونا کی دوسری لہر نیوزی لینڈ میں انتخابات ملتوی

641
ولنگٹن: نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن انتخابات ملتوی کرنے کا اعلان کررہی ہیں

ولنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) نیوزی لینڈ میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے باعث وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے پارلیمانی انتخابات ملتوی کرنے کا اعلان کردیا۔ خاتون وزیر اعظم کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی نئی لہر سے انتخابی مہم متاثر ہورہی ہے، جس کے باعث انتخابات کو 4ہفتوں کے لیے موخر کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بعد نئی تاریخ جاری کی جارہی ہے اور اب ملک میں کورونا وائرس سے متعلق جو بھی صورت حال ہو، انتخابات میں مزید تاخیر نہیں کی جائے گی۔ نیوزی لینڈ میں 19ستمبر کو انتخابات ہونا تھے، تاہم اس کے لیے نئی تاریخ 17اکتوبر مقرر کی گئی ہے۔ قبل ازیں حکومت نے ملک کے سب سے بڑے شہر آکلینڈ میں لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔دوسری جانب برطانوی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ تعلیمی ادارے کھلنے سے کورونا کے پھیلاؤ میں تیزی سے اضافہ ہوگا۔ ماہرین نے وزیر اعظم بورس جانسن کے تدریسی عمل بحال کرنے کے فیصلے کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ واضح رہے کہ کورونا وائر س کے باعث دنیا بھر میں 7 لاکھ 71 ہزار افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ امریکا میں ایک لاکھ 72ہزار، برازیل میں ایک لاکھ 7 ہزار اور بھارت میں 51 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہوئیں۔ ادھر جاپانی کابینہ نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث ملک کی مجموعی ملکی پیداوار 40 سال کی بد ترین سطح پرآگئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اپریل سے جون تک ملکی معیشت میں تاریخی مندی دیکھنے میں آئی۔