حکومت کا بچے کی پیدائش سے2 سال تک وظیفہ دینے کا فیصلہ

66

اسلام آباد(صباح نیوز)معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہاہے کہ(آج)جمعرات وزیراعظم عمران خان اسٹنٹنگ سے نومولود بچوں کو محفوظ بنانے کے لیے احساس نشونما پروگرام کااجرا کریں گے،2 سال تک کی کم عمر بچیوں کو سہہ ماہی بنیادوں پر 2000 روپے جب کہ بچوں کے لیے1500 روپے وظیفے دیے جائیں گے ۔ڈاکٹر ثانیہ نشتر کے مطابق پاکستان میں 40 فیصد بچے غذائی قلت اور دیگر وجوہات کی بنا پر اسٹنٹنگ کا شکار ہیں، حکومت نے اسٹنٹنگ سے بچوں کو محفوظ بنانے کے لیے نشونما پروگرام تیار کرلیا ہے،احساس نشو نما پروگرام کے پہلے مرحلے کا اجرا آج کیا جارہا ہے، وزیراعظم عمران خان آج خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع خیبر میں قائم نشوونما مرکز کا افتتاح کرکے پروگرام کا باقاعدہ اجرا کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ نشو نما پروگرام کے پہلے مرحلے کے لیے ساڑھے8ارب روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے، پہلے مرحلے میں ملک بھر کے9 اضلاع کے کل 2 لاکھ 21 ہزار مستحق حاملہ و دودھ پلانے والی ماں کو صحت مند غذا کے لیے 2 سال تک کی کم عمر بچیوں کو سہہ ماہی بنیادوںپر2000روپے جب کہ بچوں کے لیے1500روپے وظیفے دیے جائیں گے۔معاون خصوصی کے مطابق پروگرام کے پہلے مرحلے میں ملک بھر کے9اضلاع خیبر، اپر دیر، باغ،غذر، ہنزہ، خارمنگ، خاران، بدین اور راجن پور میں مجموعی طورپر33نشوونما مراکز قائم کیے جارہے ہیں، اگست کے آخر تک یہ تمام33 نشوونما مراکز قائم کر دیے جائیں گے۔