سائوتھ ایشین گیمز کے انعقاد سے قبل تیاریاں مکمل کرلیں گے،اکرم ساہی

273

اسلام آباد( جسارت نیوز )پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر میجر جنرل (ر) محمد اکرم ساہی نے کہا ہے کہ ملک میں ساؤتھ ایشین گیمز میں اتھلیٹکس کے ایونٹ منعقد کروانے کے لئے اچھا اتھلیٹکس ٹریک موجود نہیں ہے جس پر 14ویں ساؤتھ ایشین گیمز کا اتھلیٹک ایونٹ منعقد ہو سکے۔ گذشتہ روز سرکاری خبر رسا ں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان 2022 ء میں 14 ویں ساؤتھ ایشین گیمز کی میزبانی کرنے جا رہا ہے اور پاکستان میں اتھلیٹک کا اچھا ٹریک نہیں ہے کہ جس پر جنوبی ایشین گیمز کا اتھلیٹک مقابلے منعقد کئے جاسکیں، بین الاقوامی اتھلیٹک ایونٹ کے انعقاد کے لئے2 قسم کے ٹریک کی ضرورت ہوتی ہے، ایک مقابلے کے لئے ٹریک اور دوسرا وارم اپ کے لئے ٹریک ہوتا ہے۔سابق انٹرنیشنل اتھلیٹ اکرم ساہی نے کہا کہ اسلام آباد کے جناح ا سٹیڈیم میں یہ دونوں ٹریک کی سہولیات موجود ہیں لیکن وہ بھی خراب اور پرانا ہو چکا ہے جو ساؤتھ ایشین گیمز جیسے ایونٹ کے لئے موزوں نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم آئندہ جنوبی ایشین گیمز کی میزبانی کرنے جا رہے ہیں تو کھلاڑیوں کو ہمیں اعلی درجے کی معیاری سہولیات فراہم کرنی چاہئے اور کھلاڑیوں کی معیاری سہولیات کا انتظام سب سے اہم چیز ہوتی ہے اور اس کے لئے منصوبہ بنانا حکومت کی ذمہ داری میں شامل ہے۔ارشد ندیم کی اولمپک گیمز کی تیاری کے حوالے سے اکرم ساہی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کھیلوں کی سرگرمیوں پر پابندی ختم کردی ہے لہذا ہم ان کیلئے لاہور میں ایک کیمپ لگانے کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ وہ تیاری کا آغاز کرسکے۔ اس نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے اور اب اسے بیرون ملک بھیجنے کی ضرورت ہے تاکہ ان کی کارکردگی میں مزید بہتری آسکے۔ انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم نے گذشتہ سال نیپال میں کھیلی گئی 13 ویں سائوتھ ایشین گیمز کے دوران 86.29 میٹر تھرو پھینک کر ریکارڈ قائم کرتے ہوئے اولمپک کے لئے کوالیفائی کیا تھا۔