دوسراٹیسٹ مصباح نے ٹیم میں تبدیلی کا اشارہ دے دیا

309

سائوتھمپٹن ( جسارت نیوز ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق نے کہا ہے کہ سائوتھمپٹن ٹیسٹ میچ میں اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ کی شکست کو بھلا کر میدان میں اتریں گے کیونکہ مایوسی کو ذہنوں پر سوار کرلیا تو سیریز میں واپسی مشکل ہو جائے گی،ٹیم کے کھلاڑی سائوتھمپٹن ٹیسٹ میچ جیتنے کیلئے میدان میں اتریں گے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق کا کہنا تھا کہ فاسٹ بولرزتھکاوٹ کا شکار نہیں ہیں ،میچ سے پہلے سائوتھمپٹن کی کنڈیشنز دیکھ اور پچ کا جائزہ لے کر ٹیم میںتبدیلوں کا فیصلہ کریں گے، اولڈ ٹریفورڈ میں بولنگ بھی شاندار رہی، تجربہ کار محمد عباس کے سوا یہ ایک نوجوان پیس اٹیک ہے، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کیا، یاسر شاہ نے دونوں اننگز میں اچھی بولنگ کی، ایک مشکل دور کے بعد ان کا فارم میں واپس آنا خوش آئند ہے، پاکستان ٹیم نے اچھی فیلڈنگ اورمحمد رضوان نے بہت عمدہ وکٹ کیپنگ کی، یہ سب ہمارے لیے مثبت اشارے ہیں۔ مصباح الحق نے کہا کہ یہ ایک غیرمعمولی دورہ ہے مگر ہم اس ’’بائیوسیکیورببل‘‘ میں بہت خوش اور خود کوپرسکون محسوس کر رہے ہیں، ایک دوسرے کے ساتھ بہت زیادہ وقت گزارنے کی وجہ سے آپس میں تعلق بہت مضبوط ہورہا ہے، سب ساتھ کھانا کھاتے اور کھیلتے ہیں، ہمارے گروپ میں امام الحق اور عماد وسیم جیسے ٹیبل ٹینس کے بہت اچھے کھلاڑی موجودہیں۔