بہت جلد کرکٹ سمیت کھیلوں کے میدان آباد ہو جائیں گے، سید سلطان شاہ

236

اسلام آباد(جسارت نیوز)پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل (پی بی سی سی) کے چیئرمین سیّد سلطان شاہ نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی وبا میں خاطر خواہ کمی آئی ہے، امید ہے کہ بہت جلد کھیلوں کے میدان آباد ہو جائیں گے، اکتوبر میں پی بی سی سی دوبارہ ڈومیسٹک ایونٹ کا انعقاد کرے گی۔ اسی طرح آئندہ 6 ماہ تک ایک غیر ملکی ٹیم کو بھی پاکستان مدعو کیا جائے گا۔ گزشتہ روز سرکاری خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث گذشتہ 5 ماہ سے کھلاڑی فزیکل فٹنس ٹیسٹ کو برقرار رکھنے کیلئے گھروں میں تربیت حاصل کر رہے ہیں اور ہم نے کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ بھی آن لائن فزیکل فٹنس کی بنیاد پر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کورونا وبا میں روزبروز کمی آ رہی ہے جس کی وجہ سے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ اکتوبر میں ڈومیسٹک سیزن کا آغاز کریں تاکہ کھلاڑیوں کی کارکردگی کو جانچا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پی بی سی سی پرامید ہے کہ آئندہ 6 ماہ تک کسی بھی غیر ملکی ٹیم کو پاکستان کے ساتھ سیریز کیلئے مدعو کریں گے۔