محکمہ داخلہ پنجاب نے محرم الحرام پر فوج اور رینجرز طلب کرلی

324

لاہور (آن لائن) محکمہ داخلہ پنجاب نے نویں اور دسویں محرم الحرام پر فوج اور رینجرز طلب کرلی ہے۔ جبکہ محکمہ داخلہ نے مذکورہ ایام پر پنجاب بھر میں موبائل فون سروس بند رکھنے اور ڈبل سواری پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نویں اور دسویں محرم الحرام کے موقع پر طلب کی گئی فوج اور رینجرز پنجاب کے حساس اضلاع میں پولیس کے ساتھ تعینات کی جائے گی۔ یہ
بھی بتایا گیا ہے کہ محکمہ داخلہ پنجاب نے محرم الحرام کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات کی تیاری شروع کرتے ہوئے باقاعدہ گائیڈ لائن بھی جاری کردی ہے جس کے تحت محرم الحرام کے جلوسوں میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ جلوسوں میں سماجی فاصلے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ جلوسوں کے لیے چار نکاتی سکیورٹی حصار فراہم کیا جائے گا۔ جبکہ محرم الحرام کے جلوسوں کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔ اس موقع پر کسی بھی علماء کو ضلع بدر کرنے کے لیے اختیارات پنجاب کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کو سونپ دئیے گئے ہیں۔