پاک انگلینڈ ٹیسٹ سیریز کا آغاز آج سے اظہر علی فتح کیلئے پر عزم

452

مانچسٹر (جسارت نیوز) انگلینڈ اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ آج سے اولڈ ٹریفورڈ، مانچسٹر میں شروع ہوگا۔ انگلینڈ ٹیم کی قیادت جو روٹ کرینگے جبکہ پاکستان کی ٹیم اظہر علی کی قیادت میں میدان میں اترے گی۔ دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے سیریز میں کامیابی کے لیے بیانات دیے ہیں، اس اعتبار سے توقع کی جارہی ہے کہ ٹیسٹ سیریز کانٹے دار ہوگی۔ اس سے قبل میزبان ٹیم نے کالی آندھی کو تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 2-1 سے شکست دی تھی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے بقیہ دونوں میچز ساؤتھمپٹن میں کھیلے جائیں گے۔ انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 13 سے 17 اگست تک کھیلا جائے گا جبکہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 21 سے 25 اگست تک سائوتھمپٹن میں کھیلا جائے گا۔ ٹیسٹ سیریز مکمل ہونے کے بعد دونوں ٹیمیں سیریز میں شامل تین ٹی20 میچز کھیلنے کیلیے ایک بار پھر اولڈ ٹریفورڈ مانچسٹر کا رخ کریں گی جہاں تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا پہلا میچ 28 اگست کو دوسرا میچ 30 اگست کو جبکہ تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ یکم ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے تینوں میچ اولڈ ٹریفورڈ، مانچسٹر میں کھیلے جائیں گے۔دوسری طرف اظہر علی نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں جیت کیساتھ سیریز کا فاتحانہ آغاز کریں گے۔قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے مانچسٹر سے ویڈیو کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یونس خان، مشتاق اور مصباح الحق کی رہنمائی حاصل ہے لیکن وہ ہم پر فیصلے مسلط نہیں کرتے،بطور کپتان کوئی دقت محسوس نہیں کرتا، میری ذاتی کارکردگی میں تسلسل نہیں رہا،اس کا احساس ہے، محنت کررہا ہوں۔اظہر علی نے کہا کہ اسد شفیق اور میری کارکردگی اہمیت کی حامل ہوگی، کورونا کیساتھ چلنا پڑے گا، کرکٹرز کھیلنا چاہتے تھے، دونوں بورڈ نے سیریز کا فیصلہ کیا، سب نے کیمپ کا لطف اٹھایا،انگلش ٹور مشکل ہوتا ہے لیکن ماضی کی عمدہ کارکردگی کا حوصلہ ملے گا۔اظہر علی کا کہنا تھا کہ بیٹنگ میں تجربہ زیادہ ہے،ٹیم کا کمبی نیشن اچھا ہے، ٹیسٹ میں کسی شعبے کو نظر انداز نہیں کرسکتے،اچھا ٹوٹل کریں تو بولنگ میں اتنے وسائل ہیں کہ میچ جیت سکیں، اسپن کا رول اہم ہوگا، یاسر شاہ کئی بار اپنی افادیت ثابت کرچکے، دو اسپنرز کیساتھ میدان میں اتر سکتے ہیں۔اظہر علی نے مزید کہا کہ پہلے ٹیسٹ میں جیت کیساتھ سیریز کا فاتحانہ آغاز کریں گے۔