ٹیسٹ رینکنگ، بھارت پہلے اورپاکستان 5ویں نمبرپرموجود

440

دبئی (جسارت نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ رینکنگ کے مطابق بھارتی ٹیم بدستور پہلے اور آسٹریلوی ٹیم دوسری پوزیشن پر برقرار ہے، انگلینڈ کی ٹیم نے کالی آندھی کو تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 2-1 سے شکست دیکر آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ پوائنٹس ٹیبل پر اپنی تیسری پوزیشن مزید مضبوط کرلی ہے، نیوزی لینڈ کی ٹیم ایک درجہ تنزلی کے بعد تیسرے سے چوتھے نمبر پر ہے۔ پاکستان کی ٹیم رینکنگ میں پانچویں نمبر پر قائم ہے۔ بھارتی ٹیم سات ٹیسٹ میچز میں کامیابی کی بدولت 360 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر براجمان ہے۔ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ پوائنٹس ٹیبل پر سب سے زیادہ 360 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔ آسٹریلوی ٹیم اب تک 10 میچز کھیل چکی ہے اور اس نے 7 میچز جیتے، دو میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ ایک میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا تھا، انگلینڈ کی ٹیم نے اب تک بارہ میچز کھیلے ہیں جن میں 7 جیتے، 4 ہارے اور ایک میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا تھا۔ کیویز ٹیم اب تک 7 میچز کھیل چکی ہے جس میں اسکو تین میچوں میں فتح حاصل ہوئی جبکہ اس کو چار میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ کیوی ٹیم 180 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر چوتھے نمبر پر ہے۔ پاکستان کی ٹیم 140 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر برقرار ہے۔ سری لنکن ٹیم 80 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔ ویسٹ انڈیز ایک درجہ ترقی کے بعد آٹھویں سے ساتویں نمبر پر پہنچی تھی ، جنوبی افریقا24 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں نمبر پر ہے۔ بنگلا دیش کوئی میچ نہیں جیت سکے اور وہ نویں نمبر پر ہیں۔