عید الاضحی پر آلائشیں اُٹھانے کامؤثر انتظام کیا جائے ‘ حافظ نعیم

158

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہاہے کہ صوبائی حکومت اور بلدیہ کی ذمے داری ہے کہ عید الاضحی کے موقع پر شہر میں صفائی ستھرائی کے مؤثر انتظامات کو یقینی بنایا جائے اور قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کا معقول بندو بست کیا جائے تا کہ شہریوں کوعید الاضحی کے ایام میں اور اس کے بعد ہر سال کی طرح اس سال بھی گندگی اور غلاظت کے ڈھیروں کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ ہر سال حکومت کی طرف سے صفائی ستھرائی اور آلائشیں اُٹھانے کے دعوے اور اعلانات تو بہت کیے جاتے ہیں مگر عملاً صورتحال اس کے برعکس سامنے آتی ہے اور شہریوں کو شدید ذہنی و جسمانی اذیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ شہر میں صوبائی حکومت اور بلدیہ کی نااہلی و ناقص کارکردگی کے باعث شہر میں صفائی ستھرائی کا حال سب کے سامنے ہے ، جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر اور سیوریج کا گندا پانی جمع ہے اور بارش نے حالات کو مزید سنگین کر دیا ہے ۔ بعض علاقوں سے بارش کا پانی ابھی تک نہیں نکالا جا سکا ہے ، حکومت اور متعلقہ ادارے تاحال ابتر صورتحال کو بہتر کرنے میں کامیاب نہیں ہوئے ہیں اور عوام مسلسل پریشانی کا شکار ہیں۔ اگر عید الاضحی کے موقع پر بھی یہ صورتحال برقرار رہی اور کچرے کے ڈھیر اور آلائشیں نہ اُٹھائی گئیں تو پھر شہر یوں کا جینا اور رہنا محال ہو جائے گا ۔تعفن اور بیماریاں پھیلنے سے عوام کوصحت کے حوالے سے شدید خطرات لاحق ہو جائیں گے ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ہر سال عید الاضحی کے موقع پر صفائی ستھرائی اور آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے لیے کروڑوں روپے کا بجٹ مختص کیا جا تا ہے اور بعض اضلاع میں سالڈویسٹ مینجمنٹ کے نام پر ادارہ کام کرتا ہے مگر نتیجہ صفر ہی برآمد ہو تا ہے اب یہ سلسلہ ختم ہو نا چاہیے ۔ حکومت اور متعلقہ اداروں کو اپنی ذمے داری پوری کرنی چاہیے تاکہ شہری سکون کے ساتھ عید الاضحی کے ایام گزار سکیں ۔