یورپی رہنماء 750 ارب یورو کے اقتصادی بحالی پیکج پر متفق

568
برسلز: یورپی یونین کے سربراہان اقتصادی پیکیج پر اتفاق کا اعلان کررہے ہیں‘ رہنما خوش نظر آرہے ہیں

برسلز (انٹرنیشنل ڈیسک) یورپی یونین کے رکن ممالک نے کورونا وائرس کے سبب متاثر ہونے والی معیشت کی بحالی کے لیے 750 ارب یورو کے امدادی پیکیج پر اتفاق کر لیا۔ بلجیم کے دارالحکومت برسلز میں 4روزہ مذاکرات کے بعد یورپی یونین کے رہنماؤں نے منگل کے روز اقتصادی پیکیج پر اتفاق کیا۔ اقتصادی بحالی کے معاہدے کے تحت 390 ارب یورو کورونا وائرس سے متاثر ممالک کو امداد کی مد میں دیے جائیں گے، جب کہ 360 ارب یورو قرض کی شکل میں تقسیم ہوں گے۔ یورپین کمیشن متاثر ممالک میں رقم کی تقسیم کا ذمے دار ہوگا، جب کہ متاثر ممالک میں اس رقم کے استعمال پر تحفظات کی صورت میں یونین کے 27 ملک اکثریتی بنیاد پر مداخلت کر سکیں گے۔ یورپی یونین کے رکن ممالک کے رہنماؤں کی جانب سے منظور کردہ پیکیج پر مزید تکنیکی بات چیت کے لیے اس پیکیج کی یورپی پارلیمان سے بھی منظوری درکار ہے۔ جمعرات کے روز یورپین پارلیمان کے اجلاس میں اس پیکیج کی توثیق کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اقتصادی پیکیج کا ایک بڑا حصہ یورپ کے ان ممالک پر خرچ ہو گا، جن کی معیشت کورونا وائرس سے شدید متاثر ہوئی ہے۔ ان ممالک میں اسپین اور اٹلی نمایاں ہیں، جنہوں نے پیکیج پر یونین کے دیگر ممالک کی حمایت حاصل کرنے کے لیے بھرپور لابنگ کی تھی۔ اسپین میں اب تک کورونا کے ڈھائی لاکھ سے زیادہ اور اٹلی میں بھی لگ بھگ ڈھائی لاکھ کیس رپورٹ ہو چکے ہیں۔