کلاکوٹ تھانہ حملہ کیس‘عزیر بلوچ کو پیش نہ کرنے پرعدالت برہم

295

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی سینٹرل جیل کے جوڈیشل کمپلیکس میں قائم انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے لیاری میں کلا کوٹ پولیس اسٹیشن پر حملہ کیس میں لیاری گینگ وار کے سر غنہ عزیر بلوچ کے پروڈکشن آرڈر جاری کردیے۔ جمعے کو عدالت نے کیس کی سماعت کی۔ اس موقع پر جیل حکام کی جانب سے لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ کو پیش نہیں کیا گیا جس پر عدالت نے شدید برہمی کا اظہار کیا‘ سماعت کے موقع پر جیل حکام نے عدالت کو آگاہ کیا کہ عزیر بلوچ کو کورونا وائرس کے باعث پیش نہیں کیا گیا ہے۔ بعد ازاں عدالت نے عزیر بلوچ کے پروڈکشن آرڈر جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔ واضح رہے کہ عزیر بلوچ اور دیگر کے خلاف 2012ء میں کلاکوٹ تھانے پر حملہ کرنے کا مقدمہ درج ہے۔