وزیراعظم لوڈشیڈنگ ختم کرائیں،صدر کراچی چیمبر

180

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بزنس مین گروپ ( بی ایم جی ) کے چیئرمین و سابق صدر کے سی سی آئی سراج قاسم تیلی اور صدر کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( کے سی سی آئی ) آغا شہاب احمد خان نے وزیراعظم عمران خان سے کراچی میں جاری بدترین لوڈشیڈنگ کا نوٹس لینے اور فوری مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ کے الیکٹرک کے خلاف ایک عام شہری سے لے کرہر سیاستدان سراپا احتجاج ہے حتیٰ کہ پاکستان تحریک انصاف کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی بھی بھرپور احتجاج کرتے ہوئے دھرنا دیے ہوئے ہیں اس کے باوجود بھی کے الیکٹرک نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پورے کراچی میں بدترین لوڈشیڈنگ جاری رکھی ہوئی ہے دوسری طرف وزیرتوانائی عمر ایوب خان کہتے ہیں کہ کراچی سے ان کا کوئی تعلق نہیں اور کے الیکٹرک کی بجلی کا مسئلہ ان کی ذمہ داری نہیں جوکہ واقعی ایک تشویشناک بیان ہے جس کا وزیراعظم کو فوری نوٹس لینا چاہیے۔ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ اگر پی ٹی آئی کی برسر اقتدار حکومت کے الیکٹرک کے خلاف کارروائی میں ناکام رہتی ہے تو کراچی کی پوری تاجروصنعتکار برادری معزز سپریم کورٹ آف پاکستان سے درخواست کرے گی کہ وہ کے الیکٹرک کے ہاتھوں ستائے کراچی کے عوام کو ریلیف دینے کے لیے اس سنگین مسئلے کا از خود نوٹس لے۔انہوں نے کہا کہ صرف کے الیکٹرک ہی نہیں بلکہ وفاقی وصوبائی حکومتیں بھی کراچی والوں کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکامی پر برابر کی ذمہ دار ہیں۔ یہ واقعی بدقسمتی ہے کہ کراچی کو کوئی بھی اپنا نہیں سمجھتا لیکن ہر ایک اس شہر سے 70فیصد ریونیو نچوڑ کر پورے ملک کو چلانا چاہتا ہے۔