آزاد جموں کشمیر کو سیاحوں کی جنت بنایا جا سکتا ہے ،پاکستان بزنس فورم

147

اسلام آباد(کامرس ڈیسک)پاکستان بزنس فورم کے صدر صاحبزادہ میاں عثمان ذوالفقار نے کہا ہے کہ آزاد جموں کشمیر کو سرمایہ کاری اور سیاحوں کی جنت بنایا جا سکتا ہے جس سے یہ اہم علاقہ اور سارے ملک کی معیشت ترقی کرے گی۔ سی پیک کے تحت ایک جامع حکمت عملی کی مددسے اس خطے کی تقدیر بدلی جا سکتی ہے۔انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ آزاد جموں کشمیر میں آبادی میں نوجوانوں کی شرح زیادہ ہے،خواندگی عام ہے ، عوام کی قوت خرید بہتر ہے جبکہ ہنر مند افرادی قوت اور خام مال کی فراوانی اسے سرمایہ کاروں کی جنت بنانے کے لیے کافی ہے۔اس وقت اس علاقے میں سیاحت، ٹیکسٹائل، کاغذ، ادویات، ربڑ، ٹائر، پلاسٹک، پائپ، جوتے، فرنیچر، تعمیراتی سامان، اشیائے خورو نوش اور دستکاری کی صنعتیں کام کر رہی ہیں جبکہ بہت سے چھوٹے اور درمیانے درجہ کے کاروبار بھی ملکی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں مگر ترقیاتی عمل کا حقیقی پوٹینشل بہت زیادہ ہے۔انھوں نے کہ ملک بھر کے سرمایہ کار اورخصوصی صنعتوں میں سرمایہ کاری کرنے والے آزاد جموں کشمیر میں کاروباری امکانات کا جائزہ لیں۔