کھلے دودھ کی قیمتوں میں 10روپے فی لیٹر اضافہ ناقابل قبول ہے،کوکب اقبال

172

کراچی( اسٹاف رپورٹر) ڈیری فارمرز کی جانب سے کھلے دودھ کی قیمتوں میں مزید 10روپے فی لیٹر من مانا اضافہ صارفین کی جیبوں پر ڈاکہ کے مترادف ہے۔ شہر کراچی میں دودھ 110 روپے فی لیٹر فروخت ہورہا ہے جبکہ کمشنر کراچی کے جارہ کردہ نرخوں کے مطابق کھلے دودھ کی سرکاری قیمت 94روپے فی لیٹر ہے جس پر عملدرآمد نہیں ہورہا۔ کمشنر کراچی افتخار شلوانی کے واٹس اپ نمبر پر کئی مرتبہ شکایات درج کرائی مگر شنوائی نہیں ہوئی یہ کہا جاتا ہے کہ آپ کی شکایات حل کردی جائیں گی ۔ یہ بات کنزیومر ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین کوکب اقبال نے دودھ کی قیمتوں میں بلا جواز اضافہ پر کیپ کے دفتر میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ کئی ماہ قبل کمشنر آفس میں بلائے گئے اجلاس میں ڈیری فارمز، ہول سیلرز ریٹیلرز اور صارفین کی نمائندہ تنظیم کنزیومر ایسوسی ایشن آف پاکستان کی موجودگی میں دودھ فروشوں کی جانب سے دیے گئے لاگت اور منافع کو دیکھنے کے بعد کمشنر کراچی نے سرکاری نرخ 94روپے فی لیٹر کرنے کا اعلان کیا تھا اور اس پر عمل درآمد کے لیے کراچی کے تمام ڈسٹرکٹ کے ڈپٹی کمشنر کو کہا گیا تھا کچھ عرصے یعنی چند دنوں تک دودھ فروشوں نے سرکاری احکامات کی پابندی کی مگر جیسے جیسے وقت گزرتا گیا وہ دودھ کی قیمتوں میں آہستہ آہستہ اضافہ کرتے گئے اور اب شہر کے کونے کونے میں کھلے دودھ کی قیمت 110روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔