جاوید غنی کی چیئرمین ایف بی آر تعیناتی میں خاور مانیکا کا ہاتھ نکلا

338

اسلام آباد (آن لائن) فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے نئے چیئرمین جاوید غنی کی تعیناتی میں بھی خاتون اول بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا کا ہاتھ نکلا، جو کہ جاوید غنی کے قریبی دوست بھی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ خاور مانیکا چونکہ خود ایف بی آر کے شعبہ کسٹم سے تعلق رکھتے تھے اور جاوید غنی کا تعلق بھی کسٹم سے ہے لہٰذا دونوں کی اچھی دوستی ہے اور خاور مانیکا کی کوشش تھی کہ جاوید غنی کو اہم عہدہ دلوایا جائے۔ اس سلسلے میں انہوں نے اعلیٰ سطح پر سفارش بھی کی جو کہ تسلیم کرلی گئی اور جاوید غنی کو ایف بی آر کا چیئرمین بنا دیا گیا۔ دوسری طرف ذرائع نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ ریٹائرمنٹ کے باوجود خاور مانیکا حکومتی معاملات میں مداخلت کر رہے ہیں اور کئی وزارتوں میں وزرا سے بھی ملاقاتیں کرتے ہوئے دیکھے گئے ہیں۔ گزشتہ دنوں انہوں نے وزارت توانائی کا دورہ کیااور وفاقی وزیر عمر ایوب سے ملاقات کی۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق غنی بھی چیئرمین ایف بی آر جاوید غنی کے قریبی رشتے دار ہیں اور انہیں تعینات کرنے کا بنیادی مقصد جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیس کے حوالے سے عدالت عظمیٰ کے احکامات پر عملدرآمد کرانا ہے۔