انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز کل سے ہوگا

572

سائوتھمپٹن(جسارت نیوز) انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان3 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ کل سے روز بائول، سائوتھمپٹن میں شروع ہوگا۔ ٹیسٹ سیریز میں شرکت کے لئے ویسٹ انڈیز کی ٹیم پہلے ہی انگلینڈ میں موجود ہے اور میزبان ٹیم کے خلاف سیریز کی تیاریوں میں مصروف ہے۔ مہمان ٹیم 2 پریکٹس میچ بھی کھیل چکی ہے بائیو سکیور مقام پر کھیلے گئے تھے۔ دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے سیریز میں کامیابی کے لئے بیانات دیئے ہیں اور اس اعتبار سے توقع کی جارہی ہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز انتہائی سخت اور کانٹے دار ہوگی۔ ٹیسٹ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔ واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان3 میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 16 سے 20 جولائی اولڈ ٹریفورڈ، مانچسٹر میں کھیلا جائے گا جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 24 سے 28 جولائی اولڈ ٹریفورڈ، مانچسٹر میں ہی شیڈول ہے۔ واضح رہے کہ انگلینڈ کی ٹیم آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ پوائنٹس ٹیبل پر 146 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے، انگلینڈ کی ٹیم نے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں اب تک9 میچز کھیلے ہیں جن میں سے اس نے5 میں کامیابی حاصل کی اور 3 میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ ایک میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ہی ختم ہوگیا تھا۔ ادہر ویسٹ انڈیز کی ٹیم آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں تاحال کھاتہ کھولنے میں ناکام ہے، ویسٹ انڈیز کی ٹیم2 ٹیسٹ میچز کھیل چکی ہے اور دونوں میں ہی اس کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ یوں کالی آندھی بغیر کسی پوائنٹس کے ٹیبل پر 8ویں نمبر پر موجود ہے۔