ایس او پیز پر عمل نہ کیا تو حالات بگڑ سکتے ہیں‘ اسد عمر

280

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر ترقی ومنصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ کورونا وبا میں ڈاکٹرز کے مشورے اور احتیاطی تدابیر پر
عمل درآمد مشکل کام نہیں ہے، ایس او پیز پر عمل ہوگا تو کاروبار بھی چلے گا اور لوگ بھی صحت مند رہیں گے،چھوٹی چھوٹی باتوں کا خیال رکھیں کیونکہ ایس او پیز پر عمل نہ ہوا تو حالات بگڑ بھی سکتے ہیں،مشکل وقت میں تمام پاکستانی ایک ہوجاتے ہیں، احتیاطی تدابیرپرعمل کرناکوئی مشکل کام نہیں۔اسلام آباد میں چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کے ساتھ این آئی ایچ میں نو تعمیر آئیسولیشن اینڈ اسپیشل ٹریٹمنٹ سینٹر کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا سے متعلق صورتحال میں بتدریج بہتری آرہی ہے ، اسلام آباد میں 40روزمیں آئیسولیشن اسپتا ل مکمل کیا گیا،ہماری تیاریاں مکمل ہیں، اگلے ہفتے وزیراعظم آئیسو لیشن اسپتال کا افتتاح کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اس اسپتال میں آکسیجن اور وینٹی لیٹرز سمیت تمام سہولیات کا اضافہ کیا گیا ہے جبکہ یہاں 250 بیڈ بھی موجود ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ کورونا پر قابو پانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں،ملک میں صحت کی سہولیات میں اضافہ ہو ر ہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر احتیاط نہ کی گئی تو اس کی سزا بھی ملے گی،ڈاکٹرز کے مشورے کے مطابق حفاظتی تدابیر اختیار کرنا ہوگی، عید پر گلے نہ ملنے سمیت چھوٹی چھوٹی باتوں کا خیال رکھیں کیونکہ ایس او پیز پر عمل نہ ہوا تو حالات بگڑ بھی سکتے ہیں۔ا نہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں تمام پاکستانی ایک ہوجاتے ہیں،احتیاطی تدابیرپرعمل کرناکوئی مشکل کام نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ طبی عملے نے قومی جذبے کے تحت کورونا کا مقابلہ کیا، طبی استعداد کار میں مسلسل اضافہ کر رہے ہیں، عوام نے مشکل حالات میں ملک کے لیے پر خلوص جذبے سے کام کیا، ایس او پیز پر عمل ہوگا تو کاروبار بھی چلے گا اور لوگ بھی صحت مند رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کو رونا پر قابو پانے کے لیے موثر اقدامات ترجیح ہیں، کوشش ہے وبا کا پھیلا ئوروکنے کے ساتھ روزگا ربھی چلتا رہے۔