ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے مل کر اداروں کو تباہ کیا،شبلی فراز

602

اسلام آباد: وفاقی وزیر طلاعات ونشریات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے مل کر اداروں کو تباہ کیا، ن لیگ اورپیپلز پارٹی سیاسی بھرتیاں کرکے سیاسی فائدے سمیٹتی رہی اس لیے آج پریشان ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہاکہ پی آئی اے اور پاکستان اسٹیل مل میں بے تحاشا سیاسی بھرتیاں کی گئیں،جس کی وجہ سے پی آئی اے اور پاکستان اسٹیل مل کا برا حال ہے،گزشتہ حکومتوں نے نوکریاں دی نہیں ہیں بلکہ فروخت کی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پی آئی اے سمیت تمام ائیر لائنز کے عملے کی ڈگریاں اور لائسنس چیک کیے گئے ہیں،پاکستان ائیرلائن کا ماضی بہت شاندار تھا ، جس کی وجہ سے پی آئی اے نے ایمریٹس جیسی ائیر لائن کو بنانے میں اہم کردار ادا کیا، مسئلہ پائلٹس کی مہارت کا نہیں تھا۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ سول ایوی ایشن کے نظام کو دیکھا تو کچھ چیزیں سامنے آئیں، وزیر اعظم پاکستان کےتمام اداروں میں اصلاحات لانے پر یقین رکھتے ہیں،سول ایو ایشن اتھارٹی میں بھی اصلاحات لائی جائیں گی۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ ادارے کو بہتر بنانے کے لیے پاکستانی حکومت تمام پائلٹس کی ڈگریوں کی تصدیق کو یقینی بنائے گی، ہمارے جو پائلٹس جہاز اُڑا رہے ہیں ، ان کے لائسنس کلیئر ہیں،           جعلی ڈگریوں کے حامل پائلٹس کے خلاف بلاتفریق کارروائی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں بظاہر ایک نظر آتی ہیں،مائنس ون اپوزیشن کے ذہنوں کی اختراع ہے،اپوزیشن اس وقت ملک بچانے کا نہیں سوچ رہیں،بلکہ اپنے دور اقتدار میں کیے گئے غلط کاموں پر پردہ ڈالنا چاہتے ہیں،اپوزیشن انتقام میں اتنے اندھے ہوچکے ہیں کہ ملک کی بھلائی کو نہیں دیکھتے،یہ جھو ٹ پر مبنی پریس کانفرنس کرکے وقت بھی ضائع کرتے ہیں۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ تمام اتحادی عمران خان کی پشت پر کھڑے ہیں،اپوزیشن کے ارکان 20سال حکومت کرنے کے بعد 20ماہ کا حساب مانگ رہے ہیں،اپوزیشن ارکان چوری کو چوری نہیں سمجھتے،جس کی وجہ سے یہاں بہت سارے ارکان ایسے ہیں جو سائیکل پر سیاست پر آئے لیکن اب بڑے بڑے محل ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پی آئی اے کے اثاثوں کا تخمینہ لگا رہے ہیں،باقاعدہ بورڈ بناکر عوام طور پر پی آئی اے کے اثاثوں کا فیصلہ کیا جائے گا۔