حافظ نعیم الرحمن نے کے الیکٹرک کے ہیڈ آفس کے گھیرائو کا اعلان کردیا

665
کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کے الیکٹرک ہیڈ آفس پر طویل بجلی بندش کیخلاف عوامی پریس کانفرنس کررہے ہیں، چھوٹی تصویر میں شہریوں کی بڑی تعداد جمع ہے

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے مطالبہ کیا ہے کہ کے الیکٹرک کی نااہلی و ناقص کارکردگی اور عوام کو پریشان کرنے پرکے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ کیا جائے اور فرانزک آڈٹ کیا جائے ، سخت گرمی میں بھی کے الیکٹرک کی طویل لوڈ شیڈنگ ،اوور بلنگ اور جعلی ایڈجسٹمنٹ کے نام پر شہریوں سے لوٹ مار کے خلاف جماعت اسلامی خاموش نہیں رہے گی، کے الیکٹرک کے خلاف شہر بھر میں مظاہرے کیے جائیں گے ،اگربجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی نہ بنایا گیا اور اوور بلنگ ختم نہ کی گئی تو کے الیکٹرک کے ہیڈ آفس کے گھیراؤ کا اعلان کریں گے ،چیف جسٹس آف پاکستان جن کاتعلق کراچی سے ہے ہماری اپیل ہے کہ کے الیکٹرک کے خلاف اور کراچی کے عوام کے حقوق کے لیے عدالت عظمیٰ میں 3 سال سے زیر التوا درخواست کی سماعت کو یقینی بنایا جائے،ہم نے ہائی کورٹ میں بھی کراچی کے عوام کی ترجمانی کرتے ہوئے کے الیکٹرک کے خلاف پٹیشن دائر کی ہوئی ہے ،نیپرا میں بھی کراچی کے عوام کا مقدمہ لڑا ہے اورمن مانے ٹیرف کی مزاحمت کی ہے ۔کے الیکٹرک کے خلاف آئینی ، قانونی وجمہوری جدوجہد جاری رکھیں گے ۔ان خیالات کاظہار انہوں نے منگل کے روز کے الیکٹرک ہیڈ آفس پر کے الیکٹرک کی نااہلی ناقص کارکردگی،سخت گرمی میں طویل لوڈ شیڈنگ اور اوور بلنگ کی بڑھتی ہوئی شکایات کے حوالے سے عوامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔پریس کانفرنس سے امیر ضلع جنوبی و رکن سندھ اسمبلی سید عبد الرشیدنے بھی خطاب کیا ۔اس موقع پر سیکرٹری کراچی عبد الوہاب، نائب امیر راجا عارف سلطان ،ڈپٹی سیکرٹری کراچی عبد الرزاق خان، سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری ،پبلک ایڈ کمیٹی کے جنرل سیکرٹری نجیب ایوبی ،کے الیکٹرک کمپلینٹ سیل کے نگران عمران شاہد، ضلع جنوبی کے سیکرٹری سفیان دلاورودیگر بھی موجود تھے۔حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہاکہ حکمران عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہونے سے قبل کے الیکٹرک کو پابند کریں کہ وہ اپنی پیداواری صلاحیت میں اضافہ کرے اور عوام کو بلا تعطل بجلی فراہم کرے ،غیر قانونی اور اضافی بل واپس لے۔انہوں نے کہاکہ کے الیکٹرک کے مظالم اور اس کی سرپرستی میں پی ٹی آئی ، پیپلز پارٹی ،ایم کیو ایم اور مسلم لیگ نواز سب شریک جرم ہیں ہم ان پارٹی ورکروں سے اپیل کرتے ہیں کہ اپنی پارٹی قیادت کو کے الیکٹرک کی سرپرستی سے روکیں اور کراچی کے عوام کے لیے کچھ کریں ۔آج کراچی کے ایم این اے اور ایم پی اے کہاں ہیں ؟، عوام بے یارومددگار ہیں ،ان کا کوئی پرسان حال نہیں ،سخت گرمی اورکورونا کی وبا میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سے شہری بے حال ہیں ، لاک ڈاؤن والے علاقوں میں اور وہ لوگ جو وبا کے باعث متاثرہوئے ہیں اور گھروں میں آئسولیٹ ہیں ان کا گھروں میں رہنا دشوار ہوگیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ کے الیکٹرک کا کبھی گیس نہ ملنے اور کبھی فرنس آئل نہ ملنے کا بہانہ بناکر لوڈ شیڈنگ کرنا پرانا وتیرہ ہے۔ 2015ء میں ہیٹ ویو کے دوران بھی بدترین لوڈشیڈنگ کی تھی جس میں ہزاروں شہری ہلاک ہوئے تھے جس پر نیپرا نے کے الیکٹرک پر شدید گرمی اور ہیٹ ویوز کے دوران اپنے پلانٹس بند رکھنے پر ایک کروڑ کا جرمانہ عاید کیا تھا اسی طرح جون 2017ء میں بھی سندھ ہائی کورٹ کے عدالتی حکم پر نیپرا ٹیم نے کراچی میں بدترین لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے بجلی کے بحران کی تحقیقات کی روشنی میں معاہدے کے مطابق بجلی کی پیداوار اور ترسیلی نظام کو بہتر بنانے کے لیے سرمایہ کاری نہ کرنے پر ایک کروڑ کا جرمانہ عاید کیا تھا۔انہوں نے کہاکہ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ معاہدے کے مطابق بجلی کی پیداوار میں اضافہ نہ کرنے (T&D) ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن نقصانات ہدف سے زیادہ ہونے اور ریکوری 100فیصد نہ ہونے کے باوجود بھی کے الیکٹرک ہر سال اربوں روپے منافع کمارہی ہے۔کے الیکٹرک کے ناجائز منافع کی بنیاد زاید ٹیرف ،اووربلنگ،جعلی فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز ، تیز رفتار میٹرز اور کراچی کے شہریوں اور اداروں کو 200 ارب سے زاید واجب الادا رقم کی عدم ادائیگی ہے ۔ کورونا وبائی صورتحال کے دوران بھی شہریوں کو ریلیف دینے کے بجائے بدترین لوڈشیڈنگ میں بھی بل کم ہونے کے بجائے ایوریج بلنگ اورفیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر لوگوں کو اضافی بل بھیجے جارہے ہیں۔ ہزاروں صارفین روزانہ اپنے بل ٹھیک کرانے کے لیے متعلقہ آئی بی سی (IBC)میں دھکے کھارہے ہیں لیکن شنوائی نہیں ہورہی ۔فالٹز کی شکایات درج نہیں کی جارہی ہیں اور 12سے 24گھنٹوں سے زاید گزرجانے کے بعد بھی فالٹز درست نہیں کیے جارہے ۔سید عبد الرشید نے کہا کہ ایک طرف اسمارٹ لاک ڈاؤن کے نام پر شہریوں کو معاشی مشکلات کا شکار کیا جارہا ہے تو دوسری طرف بجلی کی طویل اور مسلسل بندش نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنادی ہے جو حکمران عوام کو بجلی ، پانی ،روزگار نہ دے سکیں انہیں حکمرانی کا کوئی حق حاصل نہیں۔انہوں نے کہاکہ حافظ نعیم الرحمن کی جانب سے کے الیکٹرک کے حوالے سے جو بھی لائحہ عمل دیا گیا کے الیکٹرک کے ستائے عوام اس کے مطابق عمل کریں گے اوراحتجاج میں بھرپور شریک ہوں گے ۔