عوام کی طرف سے غفلت برتنے پر صورتحال خراب ہوسکتی ہے، صدر مملکت

654

اسلام آباد:صدر مملکت عارف علوی کا کہنا ہے کہ  کورونا کی وبا سے بچنے کے لیے سخت حفاظتی اقدامات کرنے ہونگے، عوام کی طرف سے غفلت برتنے پر صورتحال خراب ہوسکتی ہے۔

عارف علوی کی زیر صدارت عید الاضحی پر ایس او پیز کے نفاذ سے متعلق اجلاس منعقد ہوا ،جس میں وفاقی وزراعجاز شاہ، نور الحق قادری اور معاون خصوصی برائے صحت ظفر مرزا  نے شرکت کی، اجلاس میں عید الاضحی پر شاپنگ اور قربانی کی جانوروں کی خریداری کے حوالے سے ایس او پیز کے نفاذ کی تجاویز کا جائزہ لیا۔

صدرمملکت نے وزراء کو ہدایت دیتے ہوئے  کہا کہ ایس او پیز پر عمل کروانے کے لیے صوبائی حکومتوں کے ساتھ تجاویز کا تبادلہ خیال کریں، کورونا وبا کےساتھ بہت سے چیلنجز بھی آئے ہیں،چیلنجز کا مقابلہ وفاقی ، صوبائی حکومتوں کے مابین موثر رابطوں سے ہی ممکن ہے،تجاویز پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتمادمیں لیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام جانوروں کی خریداری اور مذہبی اجتماعات میں ضوابط کی پابندی کریں، ملک میں کورونا کیسز میں کافی اضافہ ہوا ہے ،کورونا پر شعور اجاگر کرنے میں میڈیا ، میڈیکل کمیونٹی کا کردار قابل تحسین ہے۔