کوچنگ شعبے کوبہتربنائے بغیرکھیل کی ترقی ممکن نہیں،رفیق احمد

257

اسلام آباد(جسارت نیوز) قومی اتھلیٹکس کوچ رفیق احمد نے کہا ہے کہ ملک میں کوچنگ کے شعبے کو بہتر بنائے بغیر میں کسی بھی کھیل کی ترقی ناممکن ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزسرکاری خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اتھلیٹکس کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور اس ٹیلنٹ کو بروئے کار لانے کے لیے پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر میجر جنرل ریٹائرڈ محمد اکرم ساہی اور ان کی ٹیم ہر ممکن کوشش کر رہی ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی ترقی کے لئے حکومت کو بھی اپنی ذمہ داری ادا کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی اتھلیٹ کسی سے کم نہیں بلکہ وسائل کی کمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پھر بھی ہمارے کھلاڑی کم وسائل کے باجود بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گراس روٹ سطح پر کھیلوں کی ترقی کے لئے تعلیمی اداروں کا بڑا اہم کردار ہوتا ہے لیکن اس وقت تعلیمی اداروں میں حکومت کی جانب سے کھیلوں کے انعقاد کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن اکیلی کچھ نہیں کرسکتی جب تک حکومت ساتھ نہ دے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن سال میں باقاعدگی سے قومی سینئر، یوتھ اور جونیئر چیمپئن شپ کے الگ الگ مقابلے کروانے کے علاوہ کوچنگ کورسز کا بھی انعقاد کرتی ہے لیکن حکومت کی جانب سے سالانہ گرانٹ بہت کم ملتی ہے جس میں ایک ایونٹ بھی کروانا مشکل ہوتا ہے۔ سابق قومی چیمپئن اور انٹرنیشنل اتھلیٹ رفیق احمد نے پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر میجر جنرل ریٹائرڈ محمد اکرم ساہی کی ملک میں اتھلیٹکس کے کھیل کی ترقی کے لئے کاوشوں اور کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی دن رات محنت سے ان تمام ایونٹس کا کامیاب انعقاد ہوتا ہے۔