کھلاڑیوں کی تربیت کیلیے اسنوکرکلب کھولنے کی اجازت دی جائے

144

اسلام آباد (جسارت نیوز)پاکستان اسنوکر فیڈریشن کے صدر منور حسین شیخ نے حکومت سے کھلاڑی کی تربیت کے لئے اسنوکر کلب کھولنے کی اپیل کی ہے، گزشتہ روز پاکستان سنوکر فیڈریشن کے صدر منور حسین شیخ نے سرکاری خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث دنیا کی طرح پاکستان میں بھی کھیلوں کے میدان ویران پڑے ہیں جس سے کھلاڑی اور کھیل کا بہت نقصان ہو رہا ہے۔ انہوں نے چاروں صوبوں کے وزراءاعلی سے اپیل کی ہے کہ اسنوکر کلبوں کو کھلاڑیوں کی تربیت کے لیے کھول دیا جائے تاکہ کھلاڑی تربیت کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ملنے والے ایس او پیز پر کھلاڑی اورا سنوکر کلبوں کے مالکان لازمی طور پر عمل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال نومبر میں دوہا قطر میں عالمی اسنوکر چیمپئن شپ کھیلی جائے گی جس میں پاکستان کے محمد آصف اپنے ٹائٹل کا دفاع کریں گے، اگر محمد آصف اپنی پریکٹس نہیں کریں گے تو ہمارے لئے دفاع کرنا مشکل ہو جائے گا، اس لئے محمد آصف کے لئے پریکٹس کرنی بہت ضروری ہے۔