کورونا کے باعث ڈاکٹروں کی بڑھتی اموات تشویشناک ہے‘پی ایم اے

209

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن، کورونا وائرس کی وجہ سے پاکستان میں ڈاکٹروں کی بڑھتی ہوئی اموات پر گہری تشویش کا اظہار کرتی ہے۔ اس لیے ہم ایک دفعہ پھر ارباب اختیار سے گزارش کرتے ہیں کہ فرنٹ لائن سولجرز کی حفاظت کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوںنے کہاکہ پچھلے چوبیس گھنٹوں میں 2 ڈاکٹر اس مہلک وائرس سے موت کا شکار ہوئے ہیں‘ ان میں سے ایک ڈاکٹر ثناء فاطمہ تھیں جن کا تعلق لاہور سے تھا اور دوسرے ڈاکٹر زبیر احمد جن کا تعلق کوئٹہ سے تھا۔ ابھی چند دن پہلے کوئٹہ میں ڈاکٹر نعیم آغا بھی کورونا وائرس کی وجہ سے انتقال کر گئے تھے۔ یہ تمام ڈاکٹر کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں صفِ اول کے سپاہی تھے‘ ہم ان ڈاکٹروں کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ فرنٹ لائن سولجر ہونے کے ناتے سب سے زیادہ ڈاکٹر کورونا وائرس کے خطرے سے دوچار ہیں اسی لیے ڈاکٹروں میں کورونا مثبت ہونے کے کیسز بڑھ رہے ہیں اور وہ آئسولیشن میں جا رہے ہیں جس کی وجہ سے ڈاکٹروں کی قلت پیدا ہو رہی ہے۔ ڈاکٹروں کا تحفظ ایک انتہائی سنجیدہ مسئلہ ہے‘ ہم اس کے لیے مسلسل آواز اٹھا رہے ہیں۔ ہم وزیر اعظم پاکستان اور تمام صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کو خطوط کے ذریعے صورت حال کی سنگینی سے آگاہ کر چکے ہیں۔ بدقسمتی سے ہمارے طبی نظام میں کچھ کم زوریاں ہیں جن کی وجہ سے ڈاکٹر شدید متاثر ہو رہے۔ اس لیے ہم ایک دفعہ پھر ارباب اختیار سے گزارش کرتے ہیں کہ فرنٹ لائن سولجرز کی حفاظت کیلیے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔