حکومت کی توجہ کے بغیر بین الاقوامی سطح پر نتائج حاصل کرنا نا ممکن ہے،جمشید کاظمی

257

اسلام آباد (جسارت نیوز) قومی باکسنگ ریفری اور جج سید محمد جمشید خالد کاظمی نے کہا ہے کہ حکومتی توجہ کے بغیر کھیلوں میں بین الاقوامی سطح پر نتائج حاصل کرنا ناممکن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز سرکاری خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں باکسنگ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے لیکن اس کھیل پر دھیان دینے کی ضرورت ہے اگر حکومت اس کھیل پر مزید توجہ دے تو بین الاقوامی سطح پر بہت سے میڈلز حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پروفیسر انور چوہدری عرصہ دراز تک انٹرنیشنل باکسنگ ایسوسی ایشن(آئیبا) کے سربراہ رہ چکے ہیں اور ان کے دور میں بھی پاکستان نے دنیائے باکسنگ پر حکمرانی کی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت حکومت کھلاڑیوں کی بہت معاونت کرتی تھی اور اس کے علاوہ کھلاڑیوں کو بھی بیرون ملک تربیت کے لئے بھیجا جاتا تھا۔ پاکستانی باکسر نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا ہے اور تاریخ بھی گواہ ہے کہ دیہاتی علاقوں سے کھلاڑیوں نے بغیر سامان کے پریکٹس کرکے بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کیا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے ملک میں کھیلوں کی ترقی کے لئے نرسری کا کردار ادا کر سکتے ہیں اور گراس روٹ سطح پر باکسنگ کے زیادہ سے زیادہ مقابلوں کے انعقاد کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے اور ان مقابلوں سے بہت سا نیا ٹیلنٹ سامنے آ سکتا ہے۔ کورونا وائرس کی وباء کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں سید جمشید کاظمی نے کہا کہ کورونا وائرس پوری دنیا میں پھیلا ہوا ہے اور اس سے نجات حاصل کرنے کے لئے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا بہت ضروری ہے۔ کھلاڑی ایک دوسرے سے دور رہنے کے ساتھ ساتھ سماجی فاصلوں کا خیال بھی رکھیں اور ہجوم میں جانے سے گریز کریں۔