ـ2020 ٹوکیو گیمز 2021 میں منعقد نہ ہونے کی صورت میں منسوخ، آئی او سی

375

جینوا (جسارت نیوز)بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کے صدر تھامس باخ نے کہا ہے کہ منصوبے کے مطابق ٹوکیو 2020 گیمز آئندہ موسم گرما میں منعقد نہ ہو سکنے کی صورت میں منسوخ کرنے ہوں گے۔ جینوا میں بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے ان خیالات کا اظہارکیا۔ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث ٹوکیو گیمز 2021 تک ملتوی کر دیے گئے ہیں اور اب یہ اولمپکس 23 جولائی سے 8 اگست تک منعقد ہوں گے۔ باخ نے کہا کہ جاپان کے وزیراعظم شنزو ابے نے انہیں واضح کر دیا ہے کہ جہاں تک جاپان کا تعلق ہے، آئندہ موسم گرما آخری راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ہر طرح کی صورتحال کے لیے تیار رہنا ہو گا اور یہ سب مختلف منظرنامے ہمارے زیر غور ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ 23 جولائی 2021 کی دنیا کی حقیقی شکل و صورت واضح ہونے پر ہی مناسب فیصلے کیے جائیں گے۔ٹوکیو اولمپکس آرگنائزنگ کمیٹی کے سیکرٹری جنرل مْوتو توشیرو نے ان کے بیان پر آن لائن یہ کہتے ہوئے رائے دینے سے انکار کر دیا کہ باخ کے مبینہ بیان کا انہیں براہ راست کوئی علم نہیں ہے۔