ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے انعقاد میں بھارتی بورڈ رکاوٹ نہیں

228

نئی دہلی (جسارت نیوز) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے ممکنہ التوا پر بی سی سی آئی نے آخرکار وضاحت کردی اور بھارتی بورڈ کے خزانچی ارون دھومل کا کہنا ہے کہ آئی پی ایل کیلئے ونڈو کی خاطر میگا ایونٹ کو موخر نہیں کرانا چاہتے البتہ یہ بات قابل غور ضرور ہے کہ اگر جگہ دستیاب ہوئی تو آئی پی ایل کو اکتوبر اور نومبر میں کرانے کی کوشش کریں گے۔واضح رہے کہ کورونا وائرس کے باعث بی سی سی آئی کا 530 ملین ڈالرز کا ایونٹ آئی پی ایل منسوخی کے خدشے سے دوچار ہے اور آسٹریلین میڈیا سمیت دنیا میں یہ افواہیں گرم ہیں کہ بھارتی حکام ممکنہ نقصان سے بچاؤ کیلئے آئی پی ایل کے خاطر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے التوا کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ ارون دھومل کا کہنا تھا کہ ایک حالیہ اجلاس کے دوران اس معاملے پر گفتگو ہو چکی اور انہوں نے اپنی رائے دے دی جس پر فیصلہ آئی سی سی کا کام ہے اور بی سی سی آئی از خود ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کو آگے بڑھانے کی کوشش کیسے کر سکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ آسٹریلیا میگا ایونٹ کو شیڈول کے مطابق کرانے کیلئے پرعزم ہے تو بھارت کی کسی بھی تجویز سے کیا فرق پڑ سکتا ہے جب کہ شائقین کے بغیر ایونٹ کا انعقاد بھی کرکٹ آسٹریلیا کی مرضی پر منحصر ہے تاہم کیا اس ٹورنامنٹ کو خالی میدانوں پر کرانا درست ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ حالات بہتر ہو رہے ہیں لہٰذا انہیں ہر فیصلہ منظور ہوگا۔