سندھ حکومت نے کورونا ریلیف آرڈیننس پر گورنر کا اعتراض دور کردیا

568

حکومت سندھ نے کورونا ریلیف ایمرجنسی آرڈیننس کے حوالے سے گورنر سندھ عمران اسماعیل کا اعتراض دور کر دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق  سندھ حکومت نے گورنر سندھ عمران اسماعیل  کی جانب سے بجلی،گیس بل میں رعایت سے متعلق اعتراض دورکر کے آرڈیننس دوبارہ منظوری کے لیے گورنر سندھ کو بھجوا دیاہے۔

سندھ حکومت نے آرڈیننس سے بجلی گیس کیبل میں رعایت کی شق خارج کردی ہے،جس کی صوبائی محکمہ قانون اور وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے بھی منظوری دے دی ہے۔

ریلیف آرڈیننس کےتحت دکان، مکان، دفتر کے کرائے کی ادائیگی مؤخر کی گئی ہے جب کہ آرڈیننس کےتحت عوام کو پانی کے بل کی ادائیگی میں رعایت دی گئی ہے۔اس کے علاوہ حکومت سندھ کی جانب سے کورونا ریلیف آرڈیننس کے ذریعے صوبے میں کاروباری طبقے کو مختلف ٹیکسز کی ادائیگی بھی مؤخر کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ سندھ حکومت نے کورونا ریلیف آرڈیننس حتمی منظوری کیلئے گورنر سندھ  عمران اسماعیل کو بھیجا گیاتھا،گورنر سندھ کورونا ریلیف آرڈیننس پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ گیس و بجلی کا معاملہ وفاقی دائرہ کار میں آتا ہے۔