ملک بھر میں جماعت اسلامی اور الخدمت کا نیٹ ورک مضبوط ہے , شاہد افریدی

749

کراچی : سابق قومی کرکٹر شاہد خان آفریدی کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی اور الخدمت کا ایک زبردست نیٹ ورک پورے ملک میں فلاحی  کام کررہا ہے، کراچی کی عوام فلاحی کاموں میں الخدمت کا ساتھ دے۔

شاہدآفریدی نےامیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کے ہمراہ بہادرآباد کلب میں الخدمت میگاراشن سینٹرکادورے کے بعدمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  جماعت اسلامی اور الخدمت کی جانب سے مستحق اور ضرورت مندوں میں راشن کی تقسیم احسن اقدام ہیں، آزمائش کی اس گھڑی میں ہم سب کو مل کر ایک قوم بن کر کام کرنا چاہیے۔

سابق کرکٹر نے مزید کہا کہ پاکستان کی خوبصورتی ہے کہ یہاں کہ شہری بغیر کسی رنگ و نسل کے فرق کیے بغیر انسانیت کے نام پر کام کرتے ہیں، تمام پروجیکٹ کمپنی کےساتھ فری میں اشتہار پر کام کرنے کو تیار ہوں،تمام کمپنی اشتہار کے بدلے ضرورت مند اور مستحقین کے لیے راشن کے پیکٹ تیار کرکے مجھے دیں،شاہد آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ  آفت کی اس گھڑی میں الخدمت کا ساتھ دیں اور ان کا حصہ بنیں۔

حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ کرکٹ اسٹار شاہد خان آفریدی کا خیر مقدم کرتے ہیں، شاہد خان آفریدی جماعت اسلامی اورالخدمت کے پروجیکٹ پر کام کرتے رہتے ہیں،کراچی میں دو سو مقامات پر الخدمت میگا راشن سینٹر قائم ہیں۔

 حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ رات کی تاریکی میں عزت نفس کا خیال رکھتے ہوئے گھروں میں راشن پہنچایا جاتا ہے،جماعت اسلامی کے تحت شہر بھر میں سستی روٹی پروجیکٹ بھی شروع کیا گیا ہے، انہوں نے  شہری سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ  زیادہ سے زیادہ تعداد میں الخدمت کے ساتھ تعاون کریں ۔