گورنر نے سندھ حکومت کا کورونا ریلیف آرڈیننس مسترد کردیا

433

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے سندھ حکومت کی جانب سے جاری کیے گئے کورونا ریلیف آرڈیننس کو اعتراضات لگا کر مسترد کردیا ہے۔

گورنر ہاؤس سندھ سے جاری بیان کے مطابق گورنرسندھ نے کورونا ریلیف آرڈیننس 2020ء اعتراضات لگا کر سندھ حکومت کو واپس بھیج دیا ہے، عمران اسماعیل نے کورونا ایمرجنسی ریلیف آرڈیننس کی ذیلی شقوں پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ بجلی، گیس کے بل میں کمی، کٹوتی یا رعایت صوبائی حکومت نہیں دے سکتی۔

انہوں نے کہا کہ بجلی نیشنل گرڈ سے آتی ہے اس لیے سندھ حکومت کورعایت کا اختیار نہیں جب کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی آرڈیننس 2002ء کے تحت گیس بھی وفاقی معاملہ ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ بجلی گیس کے بلوں میں رعایت وفاقی حکومت کے دائرے اختیار میں ہے اور وفاقی حکومت اس ضمن میں پہلے ہی اقدامات لے رہی ہے۔

واضح رہے کہ سندھ کابینہ نے گذشتہ دنوں ‘سندھ کووڈ 19 ایمرجنسی ریلیف آرڈیننس 2020’ منظور کیا تھا جسے حتمی منظوری کیلئے27 اپریل کو گورنر سندھ کو بھیجا گیا تھا۔