برطانیہ میں 4 ہزار قیدیوں کو رہا کردیا گیا

466

عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث برطانیہ میں 4 ہزار قیدیوں کو جیلوں سے رہا کردیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ رہا کیے گئے قیدیوں کو اس لیے نہیں نکالا گیا کہ وہ قیدیوں کے لیے خطرے کا باعث تھے بلکہ قیدیوں کی رہائی جان لیوا وبا کے پھیلائو کو روکنے کے پیش نظر عمل میں لائی گئی ہے۔

برطانوی حکام نے کہا کہ جیلوں سے رہائی پانے والے قیدیوں میں فوجداری جرائم کے تحت قید افراد شامل نہیں۔ دہشت گردی اور قتل کے جرائم میں ملوث قیدیوں کو بھی نہیں نکالا گیا جبکہ حاملہ عورتوں اور بچوں کی مائوں کو بھی مشروط طورپر رہا کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ برطانوی وزارت قانون کی جانب سے گزشتہ ماہ اپریل میں ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ چھوٹے جرائم میں ملوث قیدیوں کی رہائی عمل میں لائی جارہی ہے جبکہ سنگین جرائم، دہشت گردی، فوجداری،جنسی اور قتل جیسے مقدمات میں قید افراد کو رہا نہیں کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے ہلاکتوں میں امریکہ کے بعد برطانیہ ہے جہاں 30 ہزار 76 افراد اپنی جاں کی بازی ہارگئے ہیں۔