حافظ نعیم الرحمن کی وفد کے ہمراہ وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات

415

کراچی :امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں جماعت اسلامی کے وفد نے وزیر اعلیٰ سندھ کی خواہش پر وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی۔

ملاقات میں کورونا وائرس اور لاک ڈاو ؤن کے باعث شہر میں پیدا ہونے والی صورتحال لاک ڈاو ؤن سے متاثرہ افراد،نکالے گئے ملازمین،مساجد،حکومتی ریلیف اقدامات سمیت شہریوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔

وفد نے وزیر اعلیٰ سندھ کے بہنوئی کے انتقال پر اظہار تعزیت بھی کیا۔ مراد علی شاہ نے جماعت اسلامی کے وفد کا وزیر اعلیٰ ہاؤس آنے پر خیر مقدم کیااو ر کہاکہ اس صورتحال میں جماعت اسلامی کے تعاون اور خدمات پر شکریہ ادا کرتاہوں، آئندہ بھی باہمی تعاون کے ساتھ عوام کے مسائل کے حل کے لیے مل کر کا م کریں گے۔

وفد میں نائب امیر جماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی،رکن سندھ اسمبلی سید عبد الرشید اور ڈائریکٹر کورونا ریلیف قاضی سید صدرالدین بھی موجود تھے۔

حافظ نعیم الرحمن نے بتایا کہ فیکٹریوں سے مزدوروں کو نکالاجارہا ہے،کاروباری حلقوں،دوکانداروں اور بازاروں میں کام کرنے والے شہری شدید مایوس ہیں اور پریشانی سے دو چار ہیں،اسپتالوں میں ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کے حفاظی سامان مہیا نہیں ہے،راشن کی تقسیم میں عزت نفس کا خیال نہیں رکھا جارہا ہے، جبکہ عمومی طور پر سرکاری مشینری باقاعدہ کوآرڈی نیشن کے ساتھ کام نہیں کررہی ہیں۔

انہوں نے تیسر ٹاؤن کے واقع پربھی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر طرح کے سیاسی دباؤ سے آزاد ہو کر ذمہ داروں کے خلاف پوری قانونی کارروائی ہونی چاہیئے۔انتظامیہ کی انتہائی غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے دہشت گرد عناصر نے آزادانہ فائرنگ کر کے جماعت اسلامی کے کارکن جاوید کو شہید کردیا اور 5کارکنان کو زخمی کردیا۔گرفتار شدہ ملزمان کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی کی جائے۔

حافظ نعیم نے مزید کہا کہ مساجد میں نمازوں کے باجماعت نظام کو ایس او پی پر عملدرآمد کے ساتھ بحال ہونا چاہیے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت کے فیصلے اور اقدامات برسرزمین بولتے ہوئے نظر آنے چاہیئں۔

انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سے کہا کہ اس بحرانی وبائی صورتحال میں ہم نے روز اول سے تمام سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر حکومت کے ساتھ تعاون کا غیر مشروط فیصلہ کیا ہے اور ہم مسلسل تعاون کررہے ہیں لیکن نظر یہ آرہا ہے کہ حکومتی مشینری عوام کے تحفظ اور فلاح وبہبود کے لیے معاملات میں پوری طرح انجام دہی میں کامیاب نظر نہیں آرہی،اس ساری صورتحال میں ہم عوام کو تنہا نہیں چھوڑ سکتے۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے یقین دہانی کرائی کہ ہم کورونا وائرس اور لاک ڈاو ؤن کے باعث پیدا ہونے والے مسائل کے حل کے لیے جماعت اسلامی کے ساتھ پوری طرح سے تعاون کرنے کو تیار ہیں اور ہم اپنی تمام صلاحیتیں اور وسائل برائے کار لاتے ہوئے عوام کو اس وبائ کے خطرناک اثرات اور اس صورتحال میں پیدا ہونے مسائل کے حل کے لیے مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے شہید جاوید کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہاکہ قاتلوں کوگرفتار کر کے ا ن کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے گی اور گرفتار کیے گئے معزز شہریوں کو بھی جلد رہا کردیا جائے گا۔