پی او اے نے مستحق کھلاڑیوں کی امداد کرکے دل جیت لیے، وصال محمد خان

150

اسلام آباد (جسارت نیوز) پاکستان آرچری فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل وصال محمد خان نے کہا ہے کہ عوام اور کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود اور کورونا وائرس سے بچنے کیلئے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کے علاوہ پاکستان اولپمک ایسوسی ایشن کے اقدامات قابل تعریف ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات کے بغیر ہم کورونا وائرس کے خلاف جنگ نہیں جیت سکتے ان کی کاوشیں قابل تحسین ہیں، یہ ہمارے قومی ہیروز ہیں اور پوری دنیا ان کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ افواج پاکستان اور پولیس کی خدمات پر پوری قوم ان کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مخیر حضرات کا مشکل کی اس گھڑی میں مستحق افراد کی خدمت کرنے پر ان کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں۔ وصال محمد خان نے کہا کہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) سید عارف حسن کی جانب مستحق کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کیلئے کئے جانے والے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے آخر پر عوام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام لاک ڈاؤن کے دوران اپنے گھروں سے باہر نہ نکلیں اور خدا کیلئے حکومت کی جانب سے بتائی گئی احتیاطی تدابیر پر عمل کرکے اپنی اور اپنے گھروں کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت اس وباء پر جلد از جلد قابو پا لے گی اور کھیلوں کے میدان دوبارہ آباد ہوجائیں گے۔