امریکی ریاست مِشیگن میں شہریوں کو سختی سے گھروں میں رہنے کی ہدایات ہیں۔ مگر ایک عمر رسیدہ شخص چار میل پیدل سفر کر کے اپنی نومولود پوتی کو دیکھنے کیلئے مِشیگن آتا ہے لیکن گود میں نہیں لے سکتا۔ صرف دروازے کی کھڑکی سے اپنی پوتی کو دیکھ کر اپنے دل کو تسلی دے دیتا ہے اور چلا جاتا ہے۔
بیٹے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر کہا کہ جب میری بیوی امید سے تھی تو میرے والد دن میں کئی بار یہ الفاظ دہراتے تھے کہ میں دادا بننے والا ہوں لیکن مِشی گن ریاست میں کوروناوائرس کی وجہ سے حالیہ سخت لاک ڈائون کی ہدایات نے ہمیں اور دادا کو ایک دوسرے سے جُدا کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپ تصویر میں میرے والد کے چہرے پر اپنی پوتی سے ملنے کی خوشی کے آثار واضح طور پر دیکھ سکتے ہیں جو کہ ہمارے لئیے تکلیف دہ بھی ہے لیکن ہم جانتے ہیں کہ یہ سب عارضی مدت تک کیلئے ہے۔
بیٹے نے بتایا کہ میرے والد اکیلے رہتے ہیں تاہم وہ چار میل پیدل سفر کرکے ہمارے گھر آتے ہیں اور دروازے میں لگے شیشے سے اپنی نومولود پوتی کو دیکھتے ہیں کیونکہ ہم دروازہ نہیں کھول سکتے۔ لاک ڈائون کے دوران گھروں میں رہنے کی سختی سے ہدایات ہیں۔
مِشیگن میں کوروناوائرس کے باعث 417 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 10,791 افراد کے کوروناوائرس کے ٹیسٹ مثبت آئے تھے۔