کورونا کیخلاف 10کھرب ڈالر استعمال کرینگے‘ آئی ایم ایف

265

جنیوا (مانیٹرنگ ڈیسک) عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے نتیجے میں رواں سال مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیا میں اقتصادی نمو میں بڑی حد تک کمی دیکھی جا سکتی ہے ‘ مذکورہ خطے میں درجنوں ممالک ہیں جنہوں نے معیشت پر کورونا وائرس کے اثرات کا مقابلہ کرنے کے لیے آئی ایم ایف سے مالی امداد طلب کی ہے۔ عالمی مالیاتی فنڈ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ کورونا وائرس کے سنگین اثرات کا مقابلہ کرنے کے سلسلے میں اپنے قرض دینے کی مکمل گنجائش (10کھرب ڈالر) کا استعمال کرے گا۔ آئی ایم ایف کی ڈائریکٹر کرسٹالینا جورجیفا نے پیر کو جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ تمام ممالک پر یہ ذمے داری عاید ہوتی ہے کہ وہ کورونا وائرس کے نتیجے میں جانی اور اقتصادی نقصان پر روک لگانے کے لیے تعاون کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ رواں سال عالمی معیشت کو درپیش اقتصادی صورت حال کسی طرح بھی2008ء کے عالمی مالیاتی بحران سے کم سنگین نہ ہو گی۔