کورونا وائرس کا خطرہ :ملک بھر میں یوم پاکستان سادگی سے منایا گیا

115

اسلام آباد(صباح نیوز)کورونا وائرس کے باعث ملک بھر میں یوم پاکستان سادگی کے ساتھ منایا گیا،ملک میں دن کا آغاز مساجد میں دعائوں سے ہوا جبکہ وفاقی دارالحکومت میں صبح کے آغاز پر31اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21توپوں کی سلامی دی گئی ۔اس موقع پرنعرہ تکبیراور پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے ۔قومی اعزازات کی مرکزی تقریب کورونا وائرس کی وجہ سے قوم نے یوم پاکستان سادگی کے ساتھ منا یا ، یوم پاکستان پر منعقد ہونے والی تمام سرکاری اور غیرسرکاری تقریبات منسوخ
کی گئیں تاہم دن کے آغاز پر مساجد، گرجاگھروں، مندروں اور گورودوارں میں عبادت کے دوران ملک کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اورخاص طورپرکورونا وائرس سے بچائو کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔قومی اعزازات کی مرکزی تقریب ایوان صدر میں ہونا تھی جس میں صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مختلف شخصیات کوعسکری وسول اعزازات سے نوازنا تھا، گورنر ہائوسز میں ہونیوالی اعزازات کی تقاریب بھی منسوخ کر دی گئیں۔ اعزازات کی تقریب صورتحال بہتر ہونے پر منعقد کی جائے گی تاہم ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی ویژن نے خصوصی پروگرام نشر کیے جبکہ اخبارات نے خصوصی ایڈ یشن شائع کیے ۔