کھیلوں کی سرگرمیاں معطل کرنا کھلاڑیوں کے مفاد میں ہے،مطاہر سہیل

206

اسلام آباد (جسارت نیوز)مطاہر بیڈمنٹن اکیڈمی راولپنڈی کے سربراہ مطاہر سہیل نے کہاہے کہ ملک میں حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے باعث کھیلوں کی سرگرمیوں پر پابندی لگانا کھلاڑیوں کے مفاد میں ہے۔ گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کھلاڑی سارا سال کھیلتا رہتا ہے اور پندرہ بیس دن نہ کھیلنے سے اس کی کارکردگی پر کوئی زیادہ فرق نہیں پڑتا اور کھلاڑی انفرادی کھیلوں میں اپنی پریکٹس اپنے گھروں میں بھی جاری رکھ سکتا ہے اور کھلاڑی اپنے آپ کو فزیکل طور پر فٹ رکھے۔انہوں نے کہا کہ کھلاڑی قوم کا سرمایہ ہیں اور ان کی جان و مال کا تحفظ کرناحکومت کی ذمہ داری میں شامل ہے۔ایک سوال کے جواب میں سہیل مطاہر نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث کھیلوں کا نقصان تو ضرور ہو رہا ہے تاہم کھیلوں کی سرگرمیوں کو معطل حکومت کی مجبوری ہے کیونکہ اگر کھلاڑی ہوگا تو کھیلیں بھی ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ مطاہر بیڈمنٹن اکیڈمی راولپنڈی کے زیراہتمام ہرسال 23 مارچ کو یوم پاکستان کے موقع پر بیڈمنٹن کے مقابلوں کا انعقاد ہوتا تھا اس بار کورونا وائرس کے باعث یہ مقابلے بھی نہیں ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ مطاہر بیڈمنٹن اکیڈمی کے زیر اہتمام سارا سال بیڈمنٹن کے مقابلے ہوتے رہتے ہیں جن میں راولپنڈی ڈویژن (اٹک، چکوال، جہلم اور راولپنڈی ) کے علاوہ اسلام آباد کے مرد اور خواتین کھلاڑی حصہ لیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انٹر ڈسٹرکٹ، ٹیون سٹی کے علاوہ یوم پاکستان، جشن آزادی، یوم دفاع، یوم قائداعظم کے سلسلے میں مختلف ایونٹس کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے۔انہوں نے حکومت کی جانب سے پاکستان اسپورٹس کمپلیکس میں 15 اپریل تک کھیلوں کی سرگرمیوں کو معطل کر نے پر اس اقدام کی تعریف کی۔