کورونا کے خطرے کے باوجود پی سی بی کا آفس کھولنے کا فیصلہ

355

 

لاہور (جسارت نیوز)کورونا وائرس کے پیش نظر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تمام ملازمین کو نیا ہدایت نامہ جاری کردیا۔ پی سی بی کے ہدایت نامے کے مطابق کورونا وائرس کے باعث دفاتر میں ضروری افراد کی حاضری ہی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جسکے تحت دفاتر 24 مارچ کو دوبارہ کھلیں گے۔ ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ پی سی بی نے وبا کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے مانیٹرنگ ٹیم قائم کی ہے، دفاتر آنیوالے ضروری اسٹاف کا ٹمپریچر باقاعدگی سے چیک کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق پی سی بی ملازمین کی اکثریت گھروں میں رہتے ہوئے کام کریگی۔ خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کورونا وائرس کے خدشے کی وجہ سے پاکستان سپر لیگ کے بقیہ میچز ملتودی کردیے ہیں جس کو ری شیڈول کرنیکا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ پی سی بی نے پی ایس ایل سے منسلک تمام سٹاف اور فرنچائز مالکان کے ٹیسٹ بھی کرائے جو منفی آئے ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ برس کے آخر میں چین کے صوبے ہوبے کے شہر ووہان سے شروع ہونے والے اس مہلک کورونا وائرس نے دنیا بھر میں تباہی مچادی ہے اور اب تک 11 ہزار سے زائد افراد اس عالمی وبا سے لقمہ اجل بن چکے ہیں۔اگرچہ اس وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد ابھی تک چین میں سب سے زیادہ ہے لیکن اس سے اموات کی تعداد میں یورپ خاص طور اٹلی سب سے آگے نکل چکا ہے اور وہاں اس سے 4 ہزار سے زائد لوگ مرچکے ہیں۔